آلٹ نیوز جرنلسٹ محمد زبیر کو بڑی راحت، پٹیالہ ہاوس کورٹ سے ملی ضمانت

02:17PM Fri 15 Jul, 2022

نئی دہلی: متنازعہ ٹوئٹ معاملے میں آلٹ نیوز کے کو فاونڈر محمد زبیر پٹیالہ ہاوس کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ پٹیالہ ہاوس کورٹ کی سیشن کورٹ سے محمد زبیر کو ضمانت مل گئی ہے۔ محمد زبیر کو 50 ہزار کے نجی مچلکے پر ضمانت ملی ہے۔ دہلی پولیس نے محمد زبیر کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ عدالت نے محمد زبیر کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر اجازت ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ واضح رہے کہ محمد زبیر کی ضمانت عرضی پر دہلی کی پٹیالہ ہاوس کورٹ میں جمعرات کو بحث ہوگئی تھی۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ محفوظ رکھ لیا تھا۔ آج عدالت نے اس عرضی پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت میں محمد زبیر کی طرف سے ان کی وکیل ورندا گروور اور دہلی پولیس کی طرف سے اسپیشل پبلک پروسیکیوٹر اتل شریواستو نے موقف رکھا تھا۔
معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے اس ٹوئٹ کی تاریخ پوچھی تھی، جس پر معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ایس پی پی اتل شریواستو نے ٹوئٹ کی تاریخ کے بارے میں عدالت کو جانکاری دی تھی۔ ایس پی پی کا کہنا تھا کہ ٹوئٹ 2014 سے پہلے اور 2014 کے بعد کے ہیں۔ یہ خاص طور پر واضح ہے کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا۔ عدالت نے پوچھا کہ اس کا ارادہ کیا تھا۔
ایس پی پی نے کہا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ 2014 میں حکومت کی تبدیلی ہوئی تھی۔ دوسرے فریق کے لوگوں کو اکسانے اور غلط خواہش پیدا کرنے کے لئے یہ ٹوئٹ کیا گیا۔ ایس پی پی نے کہا کہ ہنومان جی برہماچاری ہیں اور آپ نے ٹوئٹ میں ہنی مون سے موازنہ کیا ہے۔