‘بھٹکل والوں کے پاس اے کے 47 گن موجود ہے’ : کنڑا نیوز چینل کے اس تبصرے کے خلاف وسیم منیگار  نے درج کی  پولس تھانہ میں شکایت۔قانونی کارروائی کا مطالبہ

04:17PM Sun 29 May, 2022

بھٹکل : 29 مئی ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورگ کے ایک اسکول میں بجرنگ دل کی طرف سے طلبہ کو ترشول تقسیم کرنے اور بندوق چلانے کی تربیت دینے کا جو تنازعہ کھڑا ہوا ہے اس پر حال ہی میں کنڑا کے ایک نیوز چینل نے بحث کی تھی اور اس دوران اس چینل کے ایڈیٹر نے بے بنیاد تبصرہ  کرتے ہوئے کہا  تھا کہ بھٹکل والوں کے پاس اے کے 47 گن موجود ہے ۔ اس اشتعال انگیز  تبصرہ پر  بھٹکل کے وسیم منیگار نے ٹاؤن پولیس تھانہ  میں  چینل کے ایڈیٹر  کے خلاف تحریری شکایت درج کروائی ہے  اور ایڈیٹر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ وسیم منیگار کی طرف سے درج  شکایت میں کہا گیا ہے کہ چینل کے ایڈیٹر کا یہ تبصرہ بالکل جھوٹا ہے اور بھٹکل کے شہریوں پر سوالیہ نشان کھڑا کرنے والاہے۔  انہوں نے چینل کے ایڈیٹر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے برادران وطن میں مسلمانوں کے خلاف شک پیدا ہوگا جس سے شہر کے امن و امان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔