بھٹکل میں کل سے رابطہ سوسائٹی میں لگے گا این آر آئیز اور 45سال سے اوپر کی عمر والوں کو کورونا ٹیکہ : تنظیم کی جانب سے دی گئی خصوصی ہدایات
04:37PM Sun 6 Jun, 2021
بھٹکل: 6 جون،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "مجلس اصلاح و تنظیم نے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے تعاون کے ساتھ تعلقہ اور ضلع انتظامیہ کو رابطہ سوسائٹی میں این آر آئیز کے لیے کورونا ٹیکہ لگانے کا خصوصی کاونٹر کھولنے پر رضا مند کر لیا ہے جہاں کل صبح سے ٹیکہ لگانے کا آغاز ہوگا"۔ اس کی جانکاری ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے دی وہ آج یہاں مجلس اصلاح و تنظیم میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ کل صبح رابطہ میں دو کاونٹر موجود رہیں گے جس میں سے ایک این آر آئیز کےلیے خاص ہوگا جبکہ دوسرا کاونٹر 45 سال سے زیادہ کی عمر والے عام افراد کے لیے ہوگا۔
انہوں نے این آر آئیز کے لیے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آج اپنا نام رجسٹر کرایا ہے وہ کل صبح 8:30 بجے ہیلتھ کیر کے مقابل دفتر سے ٹوکن لیں اس کے بعد 9:30 بجے رابطہ کے پاس پہنچیں جہاں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے رضا کار ٹوکن پر موجود وقت کے حساب سے انہیں اندر بھیج دیں گے جہاں انہیں ٹیکہ لگایا جائے گا۔ ڈاکٹر حنیف شباب صاحب نے تاکید سے کہا کہ تمام حضرات اپنے ٹوکن کے وقت کے حساب سے ہی رابطہ کے پاس پہنچیں اور اپنے ساتھ پاسپورٹ، ویزا کی نقل اور دیگر دستاویزات رکھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں موجود دوسرے کاونٹر پر45 سال سے اوپر کی عمر والے عام افراد کے لیے ٹیکہ لگایا جارہا ہے جس کے لیے نوائط کالونی کے اطراف رہنے والے لوگ آدھار کارڈ لے کر وہاں جائیں جبکہ اس کے علاوہ آسار کیری اور منکولی میں بھی ویکسین دینے کا انتظام ہے جہاں پر ان علاقوں کے لوگ جاکر ٹیکہ لے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کل بھی لائف کیر کے سامنے واقع دفتر میں این آر آئیز کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔
ان تمام مقامات پر کورونا گائیڈ لائنس کا خیال رکھنے اور بھیڑ نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔