کیرالہ کی 45 سالہ خاتون نے مشہور گلوکارہ انورادھا پوڈوال کو بتایا اپنی ماں ، 50 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ

03:50PM Fri 3 Jan, 2020

بالی ووڈ کی مشہور گلوکارہ انورادھا پوڈوال حال ہی میں زبردست سرخیوں میں آگئی ہیں ۔ کرمالا ماڈیکس نام کی کیرالہ کی ایک خاتون نے انورادھا کے اپنی بایولاجیکل ماں ہونے کا دعوی کیا ہے ۔ اس خاتون نے انورادھا پوڈوال کو اپنی ماں بتاتے ہوئے اپنی پیدائش اور پرورش کرنے والے ماں باپ سے متعلق بھی کئی انکشاف کئے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی خاتون نے انورادھا پوڈوال سے 50 کروڑ روپے کے ہرجانہ کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ وہیں اس معاملہ میں 67 سالہ گلوکارہ انورادھا کے خلاف ان کی مبینہ 45 سالہ بیٹی نے کیس بھی درج کروا دیا ہے ۔ انورادھا پوڈوال کو اپنی ماں بتانے والی اس خاتون کرمالا ماڈیکس نے ترووننت پورم کی فیملی عدالت میں 67 سال کی گلوکارہ کے خلاف کیس درج کرکے 50 کروڑ روپے کے ہرجانہ کا مطالبہ کیا ہے ۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق کرمالا کا کہنا ہے کہ اس کی پیدائش 1974 میں ہوئی تھی ۔ جب وہ چار دن کی تھیں ، تبھی انورادھا پوڈوال نے انہیں پونناچن اور اگنیس نام کے جوڑے کو سونپ دیا تھا ۔ یہ دونوں ہی ان کے قریبی دوست تھے ۔ انورادھا پوڈوال کی اس مبینہ بیٹی کی کئی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں ۔ انڈین ایکسپریس نے بھی کرمالا کے وکیل سے بات چیت کے بعد ان کے ذریعہ بھیجی گئی تصویر کو شیئر کیا ہے ۔ خاتون کے مطابق اس دوران انورادھا اپنا کیریئر بنانے میں مصروف تھیں اور اس کی وجہ سے وہ بچے کی ذمہ دار نہیں لینا چاہتی تھیں ۔ کرمالا نے بتایا کہ میری پرورش کرنے والے باپ پونناچن نے انورادھا پوڈوال کے میری بایولاجیکل ماں ہونے کی سچائی بتائی ۔ اس پورے واقعہ کا انکشاف ان کے باپ نے بستر مرگ پر کیا تھا ۔ وہیں کرمالا کے مطابق ان کی پرورش کرنے والی ماں الزائمر بیماری میں مبتلا ہے ۔ کرمالا خود تین بچوں کی ماں ہیں ۔ کرمالا نے یہ بھی بتایا کہ والد سے سچائی جاننے کے بعد انہوں نے کئی مرتبہ انورادھا سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی ، لیکن انہوں نے بات نہیں کی ۔ کرمالا کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں اس زندگی سے محروم رکھا گیا ، جس کی وہ حقدار تھیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انورادھا کے ذریعہ دعوی خارج کئے جانے پر عدالت سے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا ۔