ریاست میں کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں۔ یکم اپریل سے 45 سال سے زیادہ عمر والے افراد کی ہوگی ٹیکہ کاری
02:03PM Tue 23 Mar, 2021
بینگلورو: 23 مارچ، 2021 (ذرائع) "ریاست میں اس وقت ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے اور یکم اپریل سے 45سال سے اوپر والے افراد کو کورونا ویکسین دی جائے گی"۔ یہ جانکاری وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے دی وہ آج یہاں چکبالاپور میں اخباری نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کے لیے مرکزی حکومت سے بات چیت ہوچکی ہے اس لیے ریاست کو اگلے ہفتے تک مرکز سے 12.5 لاکھ ویکسین ملیں گی۔
وزیر صحت نے ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے لاگو تمام ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے ورنہ بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یکم اپریل سے ریاست میں 45 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو یہ ویکسین دستیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ آج کورونا ٹیکہ کاری مہم کے حوالہ سے حکومت ہند نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یکم اپریل سے ویکسینیشن کا دائرہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اب 45 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کورونا کا ٹیکہ لگوانے کے اہل ہوں گے۔ مرکزی حکومت کے اس اعلان سے آنے والے دنوں میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی آنے کے قوی امکانات ہیں۔