نتیش کمار نے گورنر کے سامنے پیش کیا حکومت سازی کا دعوی ، کل شام 4:30 بجے لیں گے حلف
01:23PM Sun 15 Nov, 2020
قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) قانون ساز پارٹی کے نومنتخب لیڈر مسٹر نتیش کمار کل ساتویں مرتبہ بہار کے وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے ۔ نتیش کما رنے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر کے لوٹنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر انہیں منتخب کئے جانے کی جانکاری انہوں نے گورنر کو دی ۔ گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کل شام 4.00 سے 4.30 بجے کے درمیان گورنر ہاﺅس میں وہ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے ۔
اس سے قبل نتیش کمار کو ایک بار پھر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)، ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے نومنتخب اراکین اسمبلی اور قانون ساز کونسلروں کی ہوئی مشترکہ میٹنگ میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر نتیش کمار کے نام پر مہر ثبت کردی گئی۔
نتیش کمار ایک بار پھر بہار میں این ڈی اے کی نئی حکومت میں وزیر اعلی ہوں گے۔ اس میٹنگ میں جے ڈی یو کی ریاستی صدر واششٹھ نارائن سنگھ، ریاستی ایگزیکٹو صدر اشوک چودھری، جنرل سکریٹری آر سی پی سنگھ اور سینئر لیڈر بیجیندر پرساد یادو بھی موجود تھے