بھاری بارش سے تھم گئی ممبئی کی رفتار، 4.30 بجے ہائی ٹائڈ الرٹ
12:20PM Tue 29 Aug, 2017

ممبئی۔ ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین دن سے بھاری بارش ہو رہی ہے۔ اس سے معمول کی زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جس سے وہاں ٹریفک جام جیسی صورت حال ہے۔ ممبئی میں بارش کی وجہ سے کئی لوکل ٹرینوں کو بھی رد کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں بھاری بارش کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ لوگوں کو وارننگ دی گئی ہے کہ شدید ضرورت پڑنے پر ہی وہ گھر سے نکلیں۔ بارش کی وجہ سے فضائی خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں اور کئی پروازیں لیٹ ہیں۔ اس وارننگ کے بعد بی ایم سی نے کہا ہے کہ وہ ہر صورت حال کے لئے تیار ہے۔
ممبئی میں جاری تیز بارش کے مدنظر ویسٹرن ریلوے کی خدمات میں رخنہ پڑا ہے۔ مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے باندرا اسٹیشن کے ریلوے ٹریک پر پانی اس قدر جمع ہو گیا ہے کہ ٹریک لگ بھگ نظروں سے اوجھل ہی ہے۔ ایسے میں ویسٹرن ریلوے کی زیادہ تر ٹرینیں قطاروں میں کھڑی ہیں۔