شام میں اسکڈ میزائل حملوں میں 40 افراد جاں بحق، 220 زخمی

01:11PM Thu 28 Nov, 2013

شام میں اسکڈ میزائل حملوں میں 40 افراد جاں بحق، 220 زخمی بھٹکلیس نیوز / 28 نومبر، 13 شام / (العربیہ) شام کے وسط میں واقع قدیم شہر "الرقہ" میں سرکاری فوج کے اسکڈ میزائل حملوں میں غیرمعمولی تباہی کی اطلاعات ہیں۔انسانی حقوق کی رابطہ کمیٹیوں کے مطابق ابتدائی طور پر کم سے کم چالیس افراد کی ہلاکت اور 220 /کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ زخمی اور ہلاک افراد کی تعداد اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ دسیوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقے تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق انسانی حقوق کے مندوب اور صحافی محمد الرقاوی کے حوالے سے بتایا ہے کہ میزائل حملوں کے نتیجے میں الرقہ شہرکا قدیم "الھال" بازار ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے اوراس کے آس پاس کی آبادیوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ مارکیٹوں کی تباہی کے ساتھ شہر کا مشہور سیاحتی ہوٹل بھی منہدم ہوچکا ہے۔الرقہ سے انقلابی کارکنوں نے بتایا ہے کہ شہر کے نیشنل اسپتال میں کم سے کم 40 افراد کی میتیں اور 200 سے زائد زخمیوں کولایا جا چکا ہے، لیکن اسپتال کے عملے کوزخمیوں کے لیے ادویہ اورخون کی سخت قلت کا سامنا ہے۔ الرقہ شہر کی وسطی مرکزی شاہراہ پر ہونے والی اس بمباری کے بعد علاقے میں ہرطرف دھواں پھیل چکا ہے اور شہری سخت خوف کا شکار ہیں ۔خیال رہے کہ شامی فوج کی جانب سے مبینہ طور پر کیا گیا الرقہ شہرمیں یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ میں جس میں اتنے بڑے پیمانے پرانسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔