امریکہ میں 4 ہندوستانیوں کے اغوا سے مچا ہنگامہ! والدین کے ساتھ 8 ماہ کی بچی بھی اغوا

01:45PM Tue 4 Oct, 2022

واشنگٹن۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا سے چار بھارتی نژاد افراد کے اغوا کی خبر سامنے آئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ پیر کے روز کیلیفورنیا کی مرسڈ کاؤنٹی سے ایک آٹھ ماہ کی بچی سمیت ہندوستانی نژاد چار افراد کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے مشتبہ شخص کو مسلح اور خطرناک قرار دیا ہے۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق مرسڈ کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ 36 سالہ جسدیپ سنگھ، 27 سالہ جسلین کور، ان کی آٹھ ماہ کی بیٹی آروہی اور 39 سالہ امندیپ سنگھ کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے پاس ابھی زیادہ معلومات نہیں ہیں لیکن انھوں نے یہ پتہ لگا لیا ہے کہ ان چاروں کو ان کی مرضی کے خلاف ساؤتھ اسٹریٹ 59 کے 800 بلاک میں لے جایا گیا ہے۔
پولیس حکام نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ وہ ابھی تک مشتبہ شخص کے مقصد کے بارے میں پتہ نہیں لگا سکے۔ اس معاملے میں تفتیش جاری ہے، لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی حکام نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ وہ مشتبہ افراد یا متاثرین سے رابطہ نہ کریں اور اگر وہ نظر آئیں تو فوری طور پر 911 پر کال کریں اور ہمیں اطلاع دیں۔