ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات : شام 4 بجے تک 64.80 فیصد پولنگ ، ہرولی میں سب سے زیادہ ووٹنگ
03:02PM Thu 9 Nov, 2017

شملہ ۔ ہماچل پردیش اسمبلی میں شام 4 بجے تک 64.80 فی صد ووٹنگ ہوئی۔ شام چار بجے تک اونا ضلع میں 67.09 فیصد ، چنت پورنی میں 65 فیصد ، گگریٹ میں 70 فیصد ، ہرولی میں 73 فیصد اور کٹلیہر میں 67 فیصد پولنگ درج کی گئی ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے ترجمان انہوں نے کہا کہ ٹھنڈ اور کہرے کے باوجود پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سرمور کے کچھ پولنگ مراکز پر ای وی ایم میں معمولی گڑبڑی آئی جسے درست کردیا گیا اور پوری ریاست میں پولنگ جاری ہے۔
سلامتی کے سخت انتظامات کے درمیان ہماچل پردیش اسمبلی کی تمام 68 سیٹوں کے لئے آج صبح 8 بجے سے ووٹنگ کا عمل چل رہا ہے۔ ووٹنگ کے لئے 7525 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں جہاں 50 لاکھ سے زائد ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔آزاد اور منصفانہ انتخاب کرانے کےلئے 983 پولنگ بوتھوں کو انتہائی حساس اور 399 پولنگ بوتھوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ اس الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ 11 ہزار 50 و ی وی پیٹ کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
کانگڑہ ضلع میں سب سے زیادہ 297 اور کنور ضلع میں سب سے کم دو پولنگ بوتھ انتہائی حساس ہیں۔ چمبا ضلع میں 601، کانگڑہ ضلع میں 1559، لاہول اسپیتی ضلع میں 93، کلو ضلع میں 520 ، منڈی ضلع میں 1092، ہمیر پور ضلع میں 525، انا ضلع میں 509، بلاسپور ضلع میں 394، سولن ضلع میں 538، سرمور ضلع میں 540م، شملہ ضلع میں 1029، اور کنور ضلع میں 125 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں ۔
ایک امیدوار کےانتقال کے بعد اب الیکشن میں 337 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 19 خواتین شامل ہیں۔ ریاست میں ووٹروں کی کل تعداد 50لاکھ 25ہزار 941 ہے جن میں 25 لاکھ 68 ہزار 761 مرد ووٹر ہیں اور 24 لاکھ 57 ہزار 166 خاتون ووٹر اور 14 کنر ووٹر ہیں۔
بی جے پی اور کانگریس نے سبھی 68 سیٹوں پر اپنے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی نے 42، مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی نے 14، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے تین اور راشٹروادی کانگریس پارٹی اور سماج وادی پارٹی نے دو دو سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔اس کے علاوہ 112 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزاما رہے ہیں۔ اس الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ 11 ہزار 50 و ی وی پیٹ کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
ریاست میں سب سے زیادہ 12 امیدوار دھرم شالہ سیٹ سے اپنی انتخابی قسمت آزما رہے ہیں جبکہ سب سے کم دو امیدوار زنڈوتا(ریزرو) سیٹ سے ہیں ۔ منڈی سیٹ سے سب سے زیادہ دو خاتون امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ رقبہ کے لحاظ سے سب سے بڑا انتخابی حلق لاہول اسپیتی ہے لیکن وہاں سب سے کم ووٹر ہیں جبکہ امیدواروں کی حیثیت سے سب سے بڑا انتخابی علاقہ سلا ہے۔ صرف زنڈوتا ریزرو سیٹ پر ہی آمنے سامنے کی ٹکر ہے باقی سیٹوں پر سہ طرفہ اور چہار طرفہ مقابلہ ہے۔
کانگریس ، وزیراعلی ویربھدر سنگھ کی قیادت میں انتخاب لڑ رہی ہے۔ دوسر ی طرف بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کو اکثریت حاصل ہونے پر سابق وزیراعلی پریم کمار دھومل ریاست کے اگلے وزیراعلی ہوں گے۔