کورونا: ہندوستان میں پانچویں موت، لکھنؤ میں 4 نئے کیسز، کل تعداد 200 سے زیادہ
01:59PM Fri 20 Mar, 2020
ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پانچویں موت واقع ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پانچویں موت راجستھان میں ہوئی ہے۔ متاثرہ شخص اٹلی کا رہائشی تھا جسے سوائی مان سنگھ اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ وہیں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 200 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ادھر، جمعہ کے روز یو پی کی راجدھانی لکھنؤ میں 4 نئے مریض کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پائے گئے ہیں۔ لکھنؤ کے ’کے جی ایم یو‘ اسپتال میں کل 9 مریض زیر علاج ہیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس ملک کی 20 ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور متاثرین کی تعداد مہاراشٹر میں سب سے زیادہ ہے۔
مہاراشٹر میں مزید تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد مہاراشٹر میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 52 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف، دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کی جاب سے کہا گیا ہے کہ تمام بین الاقوامی پروازیں 22 مارچ سے 29 مارچ تک معطل رہیں گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے کل مثبت 201 معاملات میں سے 20 میں مریض صحت یاب ہو چکے ہی۔ وہیں ملک میں اس مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے 5 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 176 افراد اس وائرس سے لڑ رہے ہیں۔ ہندوستان میں اب تک پنجاب، دہلی، مہاراشٹرا، کرناٹک اور راجستان میں ایک ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوا ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست میں 44 ہندوستانی اور 3 غیر ملکی مریض ہیں۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ یہاں کا کوئی مریض تاحال صحت یاب نہیں ہو سکا ہے۔