منگل کو ہورہا ہے  جزوی سورج گرہن: ہندوستان میں اس وقت پر لگے گا گرہن

02:55PM Sun 23 Oct, 2022

بھٹکل : 23 اکتوبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) 25 اکتوبر کو ایک جزوی سورج گرہن لگنے والا ہے۔ اطلاع کے مطابق ہندوستان میں یہ گرہن  غروب آفتاب سے پہلے ہوگا جسے زیادہ تر جگہوں سے دیکھا جاسکے گا البتہ اسے انڈمان ونکوبار جزیروں اور شمال مشرقی  ہندوستان کے کچھ علاقوں میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔ ملک کے شمال مغربی علاقوں میں  زیادہ سے زیادہ  گرہن کی مدت  کے دوران چاند کی وجہ سے سورج  کا تقریبا  40 سے 50فیصد حصہ چھپ جانے کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں اس کا دورانیہ کافی کم ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ دہلی اور ممبئی میں  زیادہ سے زیادہ  گرہن کے دوران  چاند کی وجہ سے سورج  تقریباَ 44 اور 24 فیصد بالترتیب چھپے گا۔ دہلی اور ممبئی دونوں کے لئے  سورج گرہن  شروع  ہونے سے لے کر غروب ہونے تک  ایک  گھنٹہ  13 منٹ اور ایک گھنٹہ  19  منٹ بالترتیب رہے گا۔ چنئی اور کولکتہ میں سورج گرہن کی مدت شروع ہونے سے لے کر غروب آفتاب تک  31 منٹ اور 12 منٹ بالترتیب رہے گی۔ بھٹکل اور اس کے قریبی علاقوں میں یہ سورج گرہن عصر بعد 05:05 کے قریب شروع ہوگا اور 05:50 کے آس پاس تک لگا رہےگا۔