بھٹکل گرلس یوتھ ونگ نے تنظیم سے اسمبلی انتخابات میں مسلم امیدوار کی حمایت کرنے کا کیا مطالبہ : نہ ماننے کی صورت میں نوٹا بٹن دبانے کی دی دھمکی

09:46AM Wed 22 Mar, 2023

بھٹکل : 22  مارچ،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ‘‘مجلس اصلاح و تنظیم کی ایک میٹنگ میں اس بار کے اسمبلی انتخابات میں مسلم امیدوار کوحمایت نہ دینے کا فیصلہ ہونے کی خبر ہمیں ملی ہے ۔ ہم گرلس یوتھ ونگ اس بات سے ناخوش ہیں اور تنظیم کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے آج یہاں جمع ہیں ، ہم  مطالبہ کرتے ہیں کہ تنظیم اس تعلق سے فوری میٹنگ بلاکر اپنے فیصلے پر غور کرے ورنہ ہم اس بار نوٹا بٹن دبائیں گے’’۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں تنظیم دفتر کے باہر بھٹکل گرلس یوتھ ونگ کی نمائندہ  نے کیا وہ یہاں تنظیم جنرل سکریٹری کو میمورنڈم دینے کے بعد اخباری نمائندوں سے مخاطب تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹکل میں گذشتہ پانچ سال میں کئی ایک مصیبتیں اور مشکلات آئی لیکن کسی غیر مسلم لیڈر نے مدد کے لیے ہاتھ نہیں بڑھایا ، چاہے وہ این آر سی اور کویڈ کا زمانہ ہو یا پھر  حجاب کا معاملہ ہو یا حالیہ دنوں میں سیلاب کی وجہ سے ہوئی تباہی ہو،  یہاں کہیں پر بھی ہمیں غیر مسلم لیڈران سے تعاون نہیں ملا ہے تو پھر ہم کیوں ان کو اپنا امیدوار چنیں ؟ کیا ہم سب مل کر اپنے مسلم امیدوار کو جتانے کی کوشش نہیں کرسکتے؟۔ اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں جیت اور ہار معنی نہیں رکھتی بلکہ ہماری مدد کے لیے کون آگے آتا ہے یہ بات ہمارے لیے اہم ہے۔ اس موقع پر جمع خواتین کا کہنا تھا کہ بھٹکل میں ووٹروں کی تعداد مردوں سے زیادہ عورتوں کی ہے اور اگر تنظیم ہماری بات نہیں مانتی ہے اور غیر مسلم امیدوار کی ہی حمایت کے اپنے فیصلے پر اڑے رہتی ہے تو پھر ہم نوٹا کو دبا کر اپنی طاقت دکھائیں گے۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل  سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے نے میمورنڈم لیتے ہوئے اس تعلق سے غور کرنے کی بات کہی۔اس موقع پر  جناب جیلانی شابندری صاحب بھی موجود تھے۔ [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=c3YeXy6h9M4[/embedyt]