کورونا کی تیسری لہر  کے پیش نظر مجلس اصلاح و تنظیم نے جاری کی اہم ہدایات: علامات پائے جانے پر بر وقت علاج کرنے اور کویڈ ٹیسٹ کرانے  کی اپیل

04:30PM Sun 15 Aug, 2021

بھٹکل: 15 اگست، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ریاست بھر میں کورونا کے معاملات میں اضافہ اور کویڈ کی تیسری لہر  کے خطرے کو دیکھتے ہوئے آج مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے عوام کے لیے چند اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس تعلق سے آج عصر بعد منعقد اخباری کانفرنس میں بات کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کے میڈیا کو آرڈنیٹر ڈاکٹر محمد حنیف شباب  صاحب نے کہا کہ ریاست بھر میں ان دنوں پھر ایک بار کورونا کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے اور ساتھ ہی مہاراشٹرا ، کیرالہ سے ڈیلٹا ویرینٹ ملنے کی وجہ سے ہر طرف احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں ۔ اسی کو دیکھتے ہوئے ہمیں بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے اور انتطامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل میں عوام اب بھی کورونا کا ٹیسٹ کرانے سے کترا رہے ہیں جو کہ اچھی بات نہیں ہےاس لیے کہ اس سے وائرس کا  کمیونٹی میں پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ جانچ کے لیے تھوک (سواب)  کا نمونہ دینے میں کوئی برائی نہیں ہے کیوں کہ اگر رپورٹ پوزیٹیو بھی آتی ہے تو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اس لیے کہ اب گھر میں ہی رہ کر علاج کیا جا سکتا ہے اور ابتدائی علاج میں ہی کام چل جاتا ہے ورنہ آگے چل کر پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے تنظیم کی طرف سے  کویڈ کیر سینٹر کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی طرف سے لائف کیر کے پہلی اور دوسری منزل میں جو کویڈ کیر سینٹر بنایا گیا ہےو ہاں پر بھی ابتدائی علاج کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر شباب صاحب نے کویڈ سے بچنے کے لیے حکومت کی طرف سے جو اصول نافذ کیے گئے  ہیں اس پر پابندی سے عمل کرنے ، شادی بیاہ میں بھیڑ بھاڑ سے بچنے اور بچوں کی خصوصی طور پر حفاظت کرنے پر بھی زور دیا۔   اس اخباری کانفرنس کی پوری ویڈیو دیکھنے کے لیے نیچے دی ہوئی لنک پر کلک کریں۔   https://www.youtube.com/watch?v=vTStz4PF2d4