بھٹکل میں آدھار کارڈ بنانے کے لیے صرف پوسٹ آفس میں ہی سہولت دستیاب : ایک دن میں 40 افراد کا ہی ہورہا ہے کام۔ عوام پریشان

03:51PM Tue 3 Aug, 2021

بھٹکل: 3 جولائی ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) لاک ڈاؤن کے بعد سے بند پڑی آدھار کارڈ بنانے کی سہولت کو اب  بھٹکل میں صرف ایک جگہ  کھول دیا گیا ہے  جہاں یومیہ 40 افراد کا کام کیا جا رہا ہے ۔ بھٹکل کی پوسٹ آفس میں 2 اگست سے آدھار کارڈ بنانے کا کام شروع ہوگیا ہے ۔ اتنے دنوں سے اس سہولت کے بند ہونے کی وجہ سے پہلے دن لوگوں کی ایک بڑی تعداد قطار میں دیکھی گئی جس کے بعد یومیہ 40 افراد کے حساب سے 540 ٹوکن تقسیم کیے گئے   ۔ ٹوکن لینے والے افراد 18 اگست تک اپنی متعینہ تاریخ کو آکر اپنا کام کریں گے ۔ لاک ڈاؤن سے پہلے تک بھٹکل میں  دیگر مقامات پر بھی آدھار کارڈ بنانے کی سہولت تھی لیکن اس کے باوجود بھی ان آدھار سینٹروں میں لوگوں کی بھیڑ موجود رہتی تھی اور اب صرف ایک ہی جگہ آدھار کارڈ بنانے کی سہولت ہے اور اس پر دن میں صرف 40 افراد کا ہی کام کیا جارہا ہے جس سے لوگوں کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ  انتظامیہ  اس کو سنجیدگی سے لے اور  بھٹکل میں دیگر مقامات پر بھی آدھار کی سہولت فراہم کرتے ہوئے  عوا م کو اس پریشانی سے نجات دلائے ۔