اتر کینرا میں کورونا معاملات کو قابو میں رکھنے ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے سخت احکامات: مذہبی مقامات میں محدود سرگرمیوں کی رہے گی اجازت

02:31PM Wed 4 Aug, 2021

کاروار: 4 اگست،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں کورونا کےمعاملات میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کورونا انفیکشن کو روکنے ڈپٹی کمشنر مولئی مہیلین نے سخت احکامات جاری کیے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے آج 4 اگست ، 2021 کو جاری تازہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ساحلی اضلاع میں کورونا کے معاملات زیادہ ہونےکی وجہ  سے کورونا انفیکشن کو روکنے چند پیشگی انتظامات کیے گئے ہیں جس کی پابندی کرنا ہر ایک کو لازمی ہے۔ اس سرکیولر کے مطابق  اگلے احکامات تک  شادی بیاہ میں زیادہ سے زیاہ  پچاس لوگوں کی شرکت کی اجازت ہوگی جس کے لیے تحصلدار سے پیشگی اجازت بھی ضروری ہوگی ۔ ڈی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ مندروں میں صرف درشن کے لیے ہی لوگوں کو جانے کی اجازت ہوگی وہاں کسی بھی طرح کے مذہبی پروگرامات منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی کے ساتھ  ڈی سی کے حکمنامہ میں دیگر مذہبی مقامات کوبھی کویڈ گائیڈلائن کی پابندی کرتے ہوئے محدود سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ   عوام کو بھیڑ بھاڑ سے بھی منع کیا گیا ہے اور سوشیل ڈسٹنسنگ کی پابندی کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ ڈی سی نے یہ بھی کہا ہےکہ  بیرون اضلاع سے اور بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے کویڈ ٹیسٹ (نگیٹیو رپورٹ) ضروری ہوگا جبکہ سیاحتی مقامات پر بھی سختی سے کورونا گائیڈلائن پر عمل کرنا ضروری ہوگا  جس کی نگرانی کے لیے وہاں پولس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ ڈی سی کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جس جگہ بھی پانچ سے زیادہ معاملات ہونگے اس کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ماسک کو لازمی طور پر پہننے اور سماجی دوری کا خیال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اتر کینرا میں کل تک کُل 452 کورونا معاملات تھے جن میں سے کل ایک ہی دن میں کورونا کے 81 معاملات  پیش آئے تھے۔