اڈپی اوربیندور میں دو ماہی گیری کشتیاں غرقاب۔ تمام ماہی گیر ہیں محفوظ

11:51AM Wed 26 Aug, 2020

اڈپی: 26 اگست، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بحر عرب میں آج دو مقامات پر ساحل سے کچھ ہی دوری پر ماہی گیری کشتیوں کے ڈوبنے کا واقعہ سامنے آیا ہے لیکن ان دونوں حادثوں میں ماہی گیروں کو بچالیا گیا ہے۔ پہلا حادثہ اڈپی ضلع کے ملپے ساحل سے دو ناٹیکل میل دور سمندر میں پیش آیا جس میں گریش سورنا نامی شخص کی ملکیت والی باہوبلی نامی کشتی ڈوب گئی جس کے بعد دوسری کشتی کی مدد سے تمام ماہی گیروں کو حفاظت کے ساتھ ساحل تک لایا گیا ہے۔ البتہ کشتی اور اس میں موجود سامان کے ڈوب جانے سے 80 لاکھ کی مالیت کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ دوسرا حادثہ بھی آج صبح بیندور کے مرونتے ساحل سے کچھ ہی دوری پر سمندر میں پیش آیا جس میں شری نیواس کھاروی کی ملکیت والی ماہی گیری کشتی سمندر کی لہروں کی وجہ سے پلٹا کھاگئی جس کی وجہ سے کشتی میں موجود تمام ماہی گیری آلات اور جال وغیرہ ڈوب گئے اور کشتی کو بھی نقصان پہنچا۔ اس حادثہ میں بھی تمام ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔