بھٹکل کی مشہور شخصیت مولانا ابوبکر اکرمی انتقال کرگئے

02:59PM Mon 18 Jul, 2022

بھٹکل: 18 جولائی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کی مشہور و معروف شخصیت مولانا ابوبکر اکرمی المعروف صائب باپا خلفو گزشتہ رات اپنی عمر کی 82 بہاریں گزار کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون مرحوم مولانا ابوبکر اکرمی(عرف صائب باپا خلفو) سابق قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مرحوم مولانا اسماعیل اکرمی (عرف دھاکلو بھاؤ خلفو) کے صاحبزادےاور  سابق قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مرحوم مولانا شبیر اکرمی صاحب کے بھائی تھے۔ مرحوم نے ابتدائی تعلیم اپنے والد مرحوم مولانا اسماعیل صاحب کے پاس حاصل کی تھی پھراس کے بعد انجمن میں داخلہ لیکر  آٹھویں جماعت تک یہاں رہے۔انہوں نے مدرسہ لطیفیہ ویلور میں بھی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعدپھر مدراس( Chennai)جاکر قوم نوائط کے اس وقت کے ممتاز شافعی عالم دین قاضی حبیب اللہ رحمة اللہ علیہ کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کیا۔ مولانا ابوبکر صاحب اکرمی  نے بھٹکل کی پرانی مساجد میں سے ایک مشما مسجد میں قریب چالیس سال تک امامت کی۔ وہ اپریل  1972 سے اپریل 2012 تک امامت اور مسجد کی خدمت سے  رہے  اور اس دوران مرحوم مسجد کے دیگر امور کی انجام دہی میں بھی پوری دلجمعی کے ساتھ شریک ہوتے رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ نے مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے ماتحت طویل عرصہ تک میت کو غسل دینے اور اس کی تجہیز وتکفین اور تدفین کے بعد تلقین تک کے ہر کام کو پوری خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا ۔ بھٹکل میں ان کی تلقین کا انداز بہت ہی نرالا تھا اور سب سے جدا تھا جس کی وجہ سے سننے والا ان کی آواز میں محو ہوجاتا تھا۔ آپ کی نماز جنازہ آج بروز پیر بعد نماز ظہر خلیفہ جامع مسجد میں آپ کے صاحبزادے مولانا حبیب اللہ اکرمی کامل ثقافی صاحب کی امامت میں ادا کی گئی۔آپ  نے اپنے پیچھے  دو بیٹوں اور چار بیٹیوں کو چھوڑ  ا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل نصیب فرمائے ۔ آمین