پی ایم مودی کریں گے یو اے ای کادورہ، کیا گستاخی رسول کےمسئلہ پربھی ہوگی گفتگو؟

12:48PM Mon 13 Jun, 2022

زیر اعظم نریندر مودی  اس ماہ کے آخری ہفتے میں متحدہ عرب امارات (UAE) کا دورہ کریں گے۔ کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم کے دفتر نے اس سفر کو حتمی شکل دے دی ہے اور یہ دورہ ان کے جرمنی کے دورے کا حصہ ہو سکتا ہے، جہاں وہ G7 سربراہی اجلاس میں حصہ لینے جا رہے ہیں۔ جی 7 سربراہی اجلاس 26 سے 28 جون 2022 تک باویرین الپس میں شلوس ایلماؤ میں ہونے والا ہے۔ وزیر اعظم مودی 26 جون کو میونخ، جرمنی میں مشہور آڈی ڈوم میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کریں گے۔ امید ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دورے سے خلیج کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کی توثیق کرنے میں مدد ملے گی، اس میں خاص طور پر متحدہ عرب امارات اہم ملک ہے۔ بی جے پی کے معطل شدہ ترجمانوں کی جانب سے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں منفی ریمارکس پر عرب ممالک نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ قطر، کویت اور ایران کے برعکس متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے ہندوستانی سفیر کو تشویش کا اظہار کرنے کے لیے طلب نہیں کیا۔ مزید برآں دونوں ممالک نے بی جے پی کے ان ترجمانوں کے خلاف مرکزی حکومت کی کارروائی کا خیر مقدم کیا جنہیں نکال دیا گیا ہے۔ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطح کے دورے معمول کے مطابق ہوتے رہے ہیں اور وزیر اعظم مودی کی متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا آخری دورہ اگست 2019 میں تھا جس کے دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ ترین اعزاز ’آرڈر آف زید‘ حاصل کیا جو انہیں متحدہ عرب امارات کی قیادت نے دیا تھا۔
مزید برآں متحدہ عرب امارات خلیجی خطے کا واحد ملک ہے جس نے ہندوستان کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر دستخط کیے ہیں جو دفاع سے لے کر سرمایہ کاری اور خلا سے لے کر توانائی تک کئی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات امریکہ کے بعد ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا برآمدی مقام ہے۔