ممبئی کے تین مقامات کو بم سے اڑانے کی ملی دھمکی، پولیس ہوئی الرٹ
02:57PM Wed 19 Oct, 2022

ممبئی : مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی کے تین مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے ۔ موصولہ معلومات کے مطابق پولیس کنٹرول روم میں بدھ کی دوپہر کو یہ دھمکی آمیز فون آیا ، جس میں اندھیری کے انفنیٹی مال، جوہو کے پی وی آر اور سانتاکروز میں واقع سہارا کے پانچ ستارہ ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔
دھمکی آمیز فون آتے ہی پولیس محکمہ بھی الرٹ ہوگیا اور ان تینوں جگہوں اور آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کردئے گئے ہیں ۔ حالانکہ اب تک پولیس کو کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے ۔
پولیس کے مطابق انہیں رات ساڑھے دس بجے ہیلپ لائن نمبر 112 پر کسی نامعلوم شخص کا فون آیا، جس میں اس نے تینوں جگہوں پر بم دھماکہ کی وارننگ دی۔ پولیس فی الحال فون کال کرنے والے کی شناخت کرنے میں مصروف ہوگئی ہے، جس سے معاملہ کی سچائی سامنے آسکے ۔
دراصل حالیہ دنوں میں ممبئی پولیس کو ایسے کئی دھمکی آمیز فون کالز آتے رہے ہیں، جو جانچ میں پوری طرح سے جھوٹے نکلے ہیں ۔ حالانکہ پولیس پھر بھی ایسے معاملات میں کوئی لاپروائی نہیں برتنا چاہتی ہے۔