گوا پہنچے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو، ایس سی او میٹنگ میں کریں گے شرکت، کہی یہ بڑی بات

01:52PM Thu 4 May, 2023

نئی دہلی : پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چار اور پانچ مئی کو گوا میں ہونے والی شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے گوا پہنچے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے اس دورہ پر کہا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ گفتگو کیلئے پرجوش ہیں ۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں سی ایف ایم میں پاکستان کے وفد کی قیادت کروں گا ۔ اس اجلاس میں شامل ہونے کا میرا فیصلہ ایس سی او کے چارٹر کے تئیں پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ بلاول 2011 کے بعد ہندوستان کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ ہیں۔ وہ ایس سی او کی وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ ایس سی او کے موجودہ صدر ہندوستان کی طرف سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ایس سی او - سی ایف ایم اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ بلاول نے کراچی سے گوا کیلئے اڑانی بھری تھی ۔ ٹویٹر پر بلاول کی ہندوستان روانگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا’’وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایس سی او کی وزرائے خارجہ کی کونسل میں شرکت کیلئے کراچی سے گوا روانہ ہوئے۔‘‘ وہیں دنیا ٹی وی پر نشر ایک خبر کے مطابق پاکستان کی درخواست پر ہندوستان کی سول ایوی ایشن اتھاریٹی نے بلاول کو ہندوستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی خصوصی اجازت دی تھی۔
بتادیں کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہندوستان میں ایس سی او ۔ سی ایف ایم کے موقع پر دوست ممالک کے اپنے منصبوں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے ۔ وہیں پاکستانی وزیر خارجہ کی اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ کوئی میٹنگ مجوزہ نہیں ہے ۔