گزشتہ سال سوچھ بھارت ٹیکس کے طور پر 3900کروڑ سے زیادہ رقم جمع ہوئی
02:31PM Fri 18 Nov, 2016
نئی دہلی، (ایف او یس)
حکومت نے آج بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں سوچھ بھارت ٹیکس کے طور پر 3900کروڑ روپے سے زیادہ رقم جمع ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال 15؍نومبر سے سبھی خدمات پر 0.5فیصد سوچھ بھارت ٹیکس لاگو کیا تھا ۔شہری ترقیات کے وزیر مملکت راؤ اندرجیت سنگھ نے آج ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا کو بتایا کہ مالی سال 2015-16کے دوران سوچھ بھارت ٹیکس کے طور پر 3901.71کروڑ روپے کی رقم جمع ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کی 80فیصد رقم پینے کے پانی اور صاف صفائی کی وزارت کو جاتی ہے اور باقی 20فیصد رقم شہری ترقیات کی وزارت کو جاتی ہے۔سنگھ نے بتایا کہ شہری ترقیات کی وزارت نے سال 2015-16کے دوران سوچھ بھارت ٹیکس سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 159.42کروڑ روپے جاری کئے اور رواں مالی سال میں 156983کروڑ روپے جاری کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2014میں سوچھ بھارت مشن کے آغاز کے بعد سے وزارت اس کے لیے 3580کروڑ روپے جاری کر چکی ہے۔