39 Maharashtra Ministers Join Devendra Fadnavis' Cabinet
09:04PM Sun 15 Dec, 2024

ممبئی : مہاراشٹر میں وزیراعلی دیویندر فڑنویس کی کابینہ کی اتوار کو پہلی توسیع ہوئی ۔ اس دوران 39 ممبران اسمبلی کو وزیر کے عہدہ کا حلف دلایا گیا ۔ حلف برداری تقریب ناگپور میں منعقد ہوئی ۔ اب کابینہ میں کل 42 وزرا ہوگئے ہیں ۔ کابینہ توسیع میں بی جے پی کو 19 وزارتی عہدے ملے ہیں جبکہ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کو 11 اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کو 9 وزارتی عہدے ملے ۔ 33 ممبران اسمبلی نے کابینی وزیر کے طور پر حلف لیا جبکہ چھ ممبران اسمبلی نے وزیر مملکت کے طور پر حلف لیا ۔ گورنر پی سی رادھا کرشنن نے 16 سے 21 دسمبر تک ناگپور میں معنقد ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس سے پہلے منعقدہ تقریب میں نئے وزرا کو حلف دلایا ۔ ذرائع کے مطابق ان وزرا کی مدت کار ڈھائی سال کی ہوگی ۔
اس موقع پر وزیراعلی دیویندر فڑنویس اور نائب وزرائے اعلی ایکناتھ شندے اور اجیت پوار بھی موجود تھے ۔ نئی کابینہ میں مہاراشٹر بی جے پی کے ریاستی صدر چندرشیکھر باون کولے اور ممبئی بی جے پی صدر آشیش شیلار بھی شامل ہیں ۔ 20 نومبر کو ہوئے ریاستی انتخاابات کے نتائج 23 نومبر کو اعلان کئے گئے تھے ۔
بتادیں کہ ناگپور کے راج بھون میں 39 وزرا کی حلف برداری 33 سال میں پہلی مرتبہ ہوئی ہے ۔ دراصل مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی ہے اور ناگپور اس کا ذیلی دارالحکومت ہے ۔ اس سے پہلے 1991 میں سھداکرواو نائیک سرکار کے کابینہ توسیع میں ایسا ہوا تھا ۔ نائیک نے شیوسیا کے باغی چھگن بھجبل اور راجیندر گولے کو شامل کرکے اپنی کابینہ میں توسیع کی تھی ۔
کابینہ میں توسیع کے بعد نائب وزیراعلی اجیت پوار نے کہا کہ برسراقتدار مہایوتی ان دیگر ممبران اسمبلی کو بھی موقع دے گی، جنہیں اس سرکار کی مدت کار کے دوران موجودہ کابینہ میں جگہ نہیں ملی ہے ۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کابینہ توسیع سے پہلے ناگپور میں اپنے پارٹی کارکنان کے ایک جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈھائی سال کیلئے دیگر لوگوں کو بھی موقع دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہرکوئی وزیر بننا چاہتا ہے اور اسے موقع ملنا چاہئے ، لیکن وزارتی عہدے محدود ہیں ۔