بھٹکل میں ہوئی طوفانی بارش سے متاثرہ 3890 مکان والوں میں معاوضہ کی تقسیم۔ بقیہ مکانات اور دکان داروں سمیت ماہی گیروں میں بھی جلد تقسیم کیا جائے گا معاوضہ:  رکن اسمبلی سنیل نائک

02:23PM Tue 9 Aug, 2022

بھٹکل:  9 /اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں  2 اگست کو بادل پھٹ پڑنے سے ہوئی  طوفانی   بارش کے بعد جو نقصانات ہوئے تھے ان میں سے 4483 مکانات  میں پانی گھس جانے کی شکایتیں ملی تھیں جن میں سے  9 اگست کی تاریخ  تک 3890 مکان والوں میں فی کس دس ہزار روپئے کے حساب سے معاوضہ کی تقسیم کی جاچکی ہے جو کہ سیدھے ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیا گیا ہے،  جبکہ بقیہ مکان والوں ، دکان داروں اور ماہی گیروں میں معاوضہ تقسیم کرنے کا کام باقی ہے۔ یہ اطلاع رکن اسمبلی مسٹر سنیل نائک نے دی وہ آج منگل کے روز یہاں اخباری کانفرنس میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ اس کے علاوہ بارش سے کل  88 مکانات کو نقصان پہنچا تھا جس میں سے 59 مکان والوں میں  اب تک  پچاس ہزار روپئے سے لے کر  پانچ لاکھ روپئے  تک کامعاوضہ تقسیم کیا جاچکا ہے اور مٹھلی میں زمین میں دب کر ہلاک ہونے والے چار افراد کے اہل خانہ میں خود وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں فی کس پانچ لاکھ روپئے کی تقسیم کی جا چکی ہے۔ سنیل نائک  نے دکانوں کے نقصانات کے تعلق سے خبر دیتے ہوئے کہا کہ بھٹکل تعلقہ میں جملہ 365 دکانوں کے اندر پانی جانے اور دکانوں کا مال خراب ہونے کی شکایتیں موصول ہوئی تھیں  جن میں اب تک 135 دکان داروں کے تعلق سے حتمی شکایت موصول ہوئی ہے جبکہ دیگر کی شکایتیں حتمی نتیجے کو نہیں پہنچی ہیں ان دکان داروں میں اب تک معاوضہ تقسیم نہیں کیا گیا ہے لیکن بہت جلد ان میں بھی  معاوضہ تقسیم کیے جانے کی امید ہے۔ اسی طرح 36 ماہی گیری  کشتیوں اور 107 مچھلیاں پکڑنے کی جال کو بھی  نقصان پہنچنے کی شکایتیں آئی تھیں جن میں بھی معاوضہ کی تقسیم کا کام ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طوفانی بارش کے بعد سے ہی وہ اور بی جے پی کے دیگر کارکنان بھٹکل تعلقہ میں محاذ سنبھالے ہوئے تھے اور صبح کی اولین ساعتوں میں وہ اپنی ٹیم کو لے کر مدد کے لیے نکل چکے تھے۔ جبکہ اس کے بعد بھٹکل میں وزیر اعلیٰ  بسوراج بومائی،وزیر شیورام ہیبار اور انچارج وزیر مسٹر کوٹا شری نواس پجاری بھی فوری طور پر آئے ہوئے  تھےاور حالات کا معائنہ کیا تھا۔ رکن اسمبلی نے اس موقع پر بارش کے دوران راحت کا کام کرنے والی تمام سماجی تنظیموں اور ان کے کارکنان کے کاموں کی بھی سراہنا کی اور ان سب کا شکریہ ادا کیا ۔