کورونا وائرس کے نئے اسٹرین پر وزارت صحت نے کہا : یہ زیادہ لوگوں کو بیمار کرنے والا ہے
02:01PM Tue 22 Dec, 2020
وزارت صحت نے منگل کو کہا کہ برطانیہ میں پھیل رہے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین سے بیماری کی سنگینیت پر اثر نہیں پڑ رہا ہے اور نہ ہی اس سے مرنے کی شرح بڑھ رہی ہے ۔ وزارت صحت کے مطابق اس کو لے کر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کیلئے سخت نگرانی کی ضرورت ہے ۔ وزارت صحت کی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ برطانیہ میں نظر آرہے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین جیسے معاملات ہندوستان میں اب تک نہیں ملے ہیں ۔
پال نے بتایا کہ وائرس کا یہ نیا اسٹرین لوگوں کو تیزی سے متاثر کرنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کیس کی سنگینیت اور موت کے اندیشہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے ۔ ان کے مطابق یہ لوگوں کو زیادہ بیمار نہیں کرے گا لیکن یہ زیادہ لوگوں کو بیمار کرسکتا ہے ۔ برطانیہ میں وائرس کے نئے اسٹرین پر ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ اس میوٹیشن سے وائرس کے ایک سے دوسرے شخص میں جانے کی ٹرانسمیسیبلیٹی بڑھ گئی ہے ۔ ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ ٹرانسمیسیبلیٹی 70 فیصد بڑھ گئی ہے۔
ہمارے حالات دیگر ممالک سے بہتر
پال نے کہا کہ کورونا وائرس کو لے کر بہت سارے ممالک میں پریشانی بڑھ رہی ہے ۔ یوروپ میں معاملات میں اضافہ ہوا ہے اور بہت سارے ممالک نے اپنے یہاں لاک ڈاون لگایا ہے ۔ اس طرح سے ہم اپنے آپ کو بہت اچھی حالت میں پاتے ہیں ۔
وزارت صحت کے سکریٹری نے ملک میں کورونا وائرس کی وجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایسا تقریبا ساڑھے پانچ مہینوں کے بعد ہوا ہے کہ ہندوستان میں تین لاکھ سے کم ایکٹیو کیسیز ہیں ۔ فی الحال ہندوستان میں کل کیسیز کے صرف تین فیصد ایکٹیو کیسیز ہیں ۔
راجیش بھوشن نے کہا کہ گزشتہ سات ہفتوں میں روزانہ کے نئے معاملات میں مسلسل گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں شفایابی کی شرح 95 فیصد سے زیادہ ہے