جموں و کشمیر جائیں گے 36 مرکزی وزرا ، لوگوں کو بتائیں گے آرٹیکل 370 ہٹانے کے فوائد

05:03PM Wed 15 Jan, 2020

آرٹیکل 370 کے التزامات کو ختم کئے جانے کے تقریبا چھ ماہ بعد مرکزی وزرا کا ایک گروپ جموں و کشمیر کا دورہ کرے گا ۔ یہ وزرا آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے مثبت اثرات اور علاقہ کیلئے حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے لوگوں کو واقف کرانے کیلئے جموں و کشمیر کے دورہ پر جائیں گے ۔ وزرا کے جموں و کشمیر کے دورہ کے پروگرام کو 17 جنوری کو مرکزی وزرا کونسل کی ایک میٹنگ میں حتمی شکل دئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ایک پہل پر ہورہا ہے اور وزرات اس میں کو آرڈینیٹ کررہی ہے ۔ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ان وزرا میں پیوش گوئل ، روی شنکر پرساد ، اسمرتی ایرانی ، انوراگ ٹھاکر ، وی کے سنگھ ، ہردیپ سنگھ پوری ، آر کے سنگھ ، گری راج سنگھ ، مہندر ناتھ پانڈے ، سادھوی نرنجن جیوتی سمیت کئی بڑے لیڈران شامل ہیں ۔ یہ لیڈران 18جنوری سے 25 جنوری کے درمیان جموں و کشمیر کا دورہ کرسکتے ہیں ۔ آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے چھ ماہ کے بعد جموں و کشمیر میں مرکزی حکومت کے وزرا کے الگ الگ مقامات پر پروگرم ہیں ۔ مرکزی وزرا جموں میں 51 مقامات پر اور سری نگر میں 8 مقامات پر منعقدہ پروگراموں میں شرکت کریں گے ۔
اس پروگرام میں مرکزی حکومت کے الگ الگ مرکزی وزیر شرکت کریں گے ۔ یہ وزرا عوامی ریلی یا پھر الگ الگ پروگراموں میں آرٹیکل 370 ہٹانے کے پیچھے حکومت کی منشا کا تذکرہ کریں گے ۔ اس کے بعد جموں اور کشمیر کو کیا فائدہ ہوا ہے ، اس سے بھی عوام کو واقف کرائیں گے ۔