کووڈسے یتیم ہوئے بچوں کوماہانہ 3500روپے جاری کرنے اعلان عوام کاتعاون حاصل رہا تو 7جون کے بعدلاک ڈاؤن میں توسیع نہیں ہوگی:ایڈی یورپا
04:45AM Sun 30 May, 2021
بنگلور۔29مئی،2021(سالارنیوز)کوروناوائرس کی وجہ سے اپنے ماں باپ کوکھوکریتیم ہونے والے بچوں کے لیے ہرماہ 3500روپے وظیفہ دیاجائے گا۔یہ اہم ترین اعلان ریاستی وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپانے کیاہے۔اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کووڈسے یتیم بچوں کی پرورش ونگہداشت کے سلسلہ میں اہم ترین فیصلہ کیاجائے گا۔اس اسکیم کااعلان کرنے کے بعد ایڈی یورپانے کہاکہ اس اسکیم کے تحت کوروناسے یتیم ہوئے بچوں کوماہانہ 3500روپے دئے جائیں گے۔ماں باپ کے انتقال کے بعد سرپرست نہ رکھنے والے بچوں کورجسٹرشدہ چائلڈویلفیئرکمیٹی کے تحت لاکرمعیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے رہائشی اسکول میں داخلہ دلوایاجائے گا۔10ویں جماعت مکمل کردہ طلبہ کولیاپ ٹاپ،ٹیاب دئے جائیں گے۔21سال مکمل کرنے والی لڑکی کوایک لاکھ روپے مالی تعاون،اعلیٰ تعلیم اورشادی کے لیے بھی مالی مددفراہم کی جائے گی۔کووڈسے اپنے ماں باپ محروم بچوں کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
بروزہفتہ رہائشی دفترکرشنامیں 5اضلاع کے عوامی نمائدوں کے ساتھ ہوئے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہو ں نے کہاکہ ریاست کے عوام کااگرانتظامیہ کے ساتھ بھرپورتعاون جاری رہا تو7جون کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کا کوئی سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔کہ ریاست میں اعلان کے مطابق 7جون تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔7جون کے بعد حالات کاجائزہ لیتے ہوئے اورعوام کی صورتحال پرنظررکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق فیصلہ کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزیدکہاکہ ریاست کے عوام اگرکوروناضوابط پرسختی سے عمل کرتے رہیں اورمتاثرین کی تعدادمیں کمی آئے تو 7جون کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کی کوئی ضرورت نہیں پڑسکتی۔اس لیے عوام کوچاہئے کہ وہ لاک ڈاؤن کے موقع پرکووڈضوابط پرعمل آوری کرتے ہوئے انتظامیہ کاتعاون کریں۔اس دوران انہوں نے یہ بھی کہاکہ یکم جون سے7جون تک لاک ڈاؤن میں مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔پانچ اضلاع کے عوامی نمائندوں کے ساتھ تین گھنٹہ تک تفصیلی بات چیت کی گئی ہے،کووڈکی صورتحا ل سے متعلق تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ہرگرام پنچایت میں کووڈپرکنٹرول لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔کوروناوائرس پرقابوپانے کے لیے درکارمالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔جن اضلاع میں کووڈمعاملات میں اضافہ ہورہاہے وہاں قابومیں لانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پی ایم کیئرسے حاصل وینٹی لیٹرس کے استعمال کے سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ وینٹی لیٹرس میں کچھ نقص ہے،اس کی مرمت کے بعد استعمال میں لائے جائیں گے۔اس موقع پرانہوں نے بلیک فنگس کے علاج کے لیے درکاردوائیوں کے بارے میں کہاکہ مرکزی وزیربرائے کھادسداننداگوڈاکے ساتھ تبادلہ خیال کیاگیاہے۔سداننداگوڈانے بلیک فنگس کے علاج کے لیے درکارانجکشن روانہ کرنے کاتیقن دیاہے۔بلیک فنگس کی دوائیوں کی کالابازاری کی بھی اطلاع ہے،ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔