انجمن کے الومنی، کنداپور کے 35 سالہ افسر نے یوم جمہوریہ پریڈ میں کی کوسٹ گارڈ دستے کی قیادت

04:21PM Wed 26 Jan, 2022

بھٹکل : 26 جنوری 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انجمن حامئی مسلمین اور خاص طور پر انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی سینٹر  کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ یہاں سے تعلیم حاصل کرچکے ایک طالب علم ڈپٹی کمانڈنٹ ایچ ٹی منجوناتھ کو آج نئی دہلی کے راج پتھ پر  یوم جمہوریہ پریڈ  میں 96 رکنی  انڈین کوسٹ گارڈ دستے کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 2011 میں انڈین کوسٹ گارڈ میں شامل ہونے والے ڈپٹی کمانڈنٹ ایچ ٹی منجوناتھ  کا تعلق کنداپور سے ہے انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم نیو انگلش اسکول بھٹکل سے حاصل کی، پھر انجمن کالج سے پی یو سی مکمل کیا ۔ جس کے بعد انہوں نے انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی سینٹر میں اپنی اگلی تعلیم مکمل کی۔ اس دوران وہ انجمن میں این سی سی کیڈٹ کے طور پر بہت ہی سرگرم رہے ۔ ڈپٹی کمانڈنٹ مسٹر منجوناتھ کے تعلق سے خبر ملی ہے کہ وہ تعلیمی دنوں میں  این سی سی کیڈٹ کے طور پر بہت ہی متحرک تھے اور اس کی سرگرمیوں میں سب سے آگے  رہتے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ این سی سی کے ذریعے ہی انہیں فوج میں جانے کی تحریک ملی ۔   انجمن انتظامیہ نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور طلبہ کو ان سے تحریک لینے کی درخواست کی ہے۔