سرکار نے 348 موبائل ایپس پر لگائی پابندی، چین بھیج رہے تھے ہندوستانی یوزرس کا ڈاٹا

12:51PM Wed 3 Aug, 2022

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے بدھ کو بتایا کہ چین اور دیگر ممالک کے ذریعہ تیار کردہ 348 ایسے موبائل ایپس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان پر پابندی عائد کی گئی ہے جو یوزر کی جانکاری جمع کررہے تھے اور اسے ملک سے باہر موجود سروروں کو غیر مجاز طریقے سے بھیج رہے تھے ۔ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر نے لوک سبھا میں روڈمل ناگر کے ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ جانکاری دی۔ رکن نے سوال کیا تھا کہ کیا حکومت نے ملک سے باہر معلومات بھیجنے والے کسی ایپ کی نشاندہی کی ہے اور اگر ایسا کوئی ایپ پایا جاتا ہے تو کیا ان پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ اس کے جواب میں وزیر نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے ایسے 348 ایپس کی نشاندہی کی ہے اور وزارت کی درخواست پر الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ان تمام ایپلی کیشنز کو بلاک کر دیا ہے، کیونکہ اس طرح کے ڈاٹا کی ترسیل ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت ، ہندوستان کے دفاع اور ریاست کی سلامتی کی خلاف ورزی ہے ۔ چندر شیکھر نے بتایا کہ یہ ایپس چین سمیت مختلف ممالک کے ذریعہ تیار کئے گئے ہیں۔ بتادیں کہ حال ہی میں گیمنگ لیجنڈ کرافٹن کے ایک مقبول بیٹل رائل گیم، بیٹل گراؤنڈ موبائل انڈیا ( بی جی ایم آئی ) کو بھی پلے اسٹور سے ہٹا دیا گیا ہے ۔
گوگل نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ایک حکم ملا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایپ کے ایکسس کو بلاک کردیا گیا ۔ ستمبر 2020 میں ڈاٹا سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کرافٹن کے پلیئر ان نان بیٹل بیٹل گراونڈ پر 117 دیگر چینی ایپس کے ساتھ پابندی عائد کردی گئی تھی ۔