ضلع اتر کینرا میں آج 33 لوگوں کی رپورٹ آئی کورونا پوزیٹیو: بھٹکل سے نہیں آیا کوئی نیا معاملہ
12:20PM Fri 10 Jul, 2020
کاروار: 10 جولائ 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں آج پھر 33 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے لیکن بھٹکل والوں کے لیے راحت کی خبر یہ ہے کہ یہاں سے آج کورونا کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج منڈگوڈ سے 13 معاملات، کاروار سے 10 معاملات، ہلیال سے 8 معاملات جبکہ سرسی اور ہوناور سے ایک ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے۔
منڈگوڈ میں جو معاملات سامنے آئے ہیں ان میں تین خواتین، دو بچیاں، پانچ لڑکے اور ایک مرد اور دو نوجوان لڑکیاں شامل ہیں۔ جن میں ایک مینگلور سے اور دو شخص بینگلور سے لوٹے تھے۔ بقیہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اس سے قبل کورونا پوزیٹیو پائے گئے شخص کے ساتھ رابطہ میں تھے۔
ہلیال میں تین معمر افراد، تین سال کی بچی، ایک نوجوان لڑکی، 26 سالہ نوجوان لڑکی، تین خواتین اور ایک مرد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان سبھوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ سب کورونا پوزیٹیو شخص کے سکینڈری رابطے میں تھے۔
کاروار سے جن کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے ان میں ایک بزرگ شخص، دو خواتین، پانچ مرد اور ایک نوجوان لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ ان میں سے دو لوگ مینگلور سے لوٹے تھے، ایک بیرون ملک سے لوٹاتھا، ایک شخص ہیلتھ اہلکار کے رابطہ میں آیا تھا اور سات کے بارے میں ابھی کچھ معلومات نہیں ملی ہے۔
سرسی میں آج ایک ہیلتھ اہلکار کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے جبکہ ہوناور میں 80 سالہ بزرگ کو بھی کورونا کا مرض لاحق ہونے کی تصدیق ہوئی تاہم ان کے رابطوں کے بارے میں ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔
واضح رہے کہ اتر کینرا میں اب تک کل 545 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 220 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 322 افراد زیر علاج ہیں جبکہ تین افراد کی اب تک موت ہوچکی ہے۔