32کروڑ آدھار نمبر س ووٹرشناختی کارڈوں سے لنک کئے گئے ہیں مناسب وقت پر کرناٹک اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمشنر
01:06PM Sun 11 Mar, 2018
بنگلور۔10؍مارچ(سالار)چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے آج کہا کہ اب تک32کروڑ سے بھی زیادہ آدھار نمبرس ووٹرشناختی کارڈس کے ساتھ لنک کئے گئے ہیں۔ اسوسی ایشن فارڈیموکریٹک ریفارمس (ADR)جو ایک غیر سرکاری ادارہ ہے کے زیر اہتمام یہاں بنگلور میں منعقدہ14ویں قومی کانفرنس کے مقام پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایاکہ اب تک32کروڑ سے بھی زیادہ آدھار نمبرس ووٹر شناختی کارڈس کے ساتھ لنک کئے گئے ہیں۔ مزید54.5 کروڑ آدھار نمبرس سپریم کورٹ سے منظوری ملنے کے فوری بعد ووٹر شناختی کارڈوں سے لنک کردےئے جائیں گے۔ ان سے پوچھاگیا کہ بقیہ 54.5کروڑ آدھار نمبرس کو ووٹر شناختی کارڈوں کے ساتھ جوڑنے کتنا وقت لگے گا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے راوت نے کہا کہ 32؍کروڑ ہم نے صرف تین مہینوں میں ختم کئے۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے میتھو تھامس مختلف سرکاری محکموں میں آدھار کو دی جارہی اہمیت کو چیلنج کرتے ہوئے ماہ نومبر میں سپریم کورٹ سے رجوع کیاہے۔ انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (EVM)کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے تعلق سے پوچھاگیاتو راوت نے کہا کہ کمیشن نے اس سلسلہ میں کی گئی شکایات کو سنجیدہ لیاہے اور اس کو حل کیاہے ۔ چند اپوزیشن پارٹیوں نے ای وی ایم کی صداقت پر سوال اٹھایاہے۔ پچھلے اسمبلی ا نتخابات میں ان مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا بھی اپوزیشن پارٹیوں نے الزام لگایاہے۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے ٹوٹالائزرمشینوں کا استعمال کرنے سے متعلق راوت نے کہا کہ جب تک اس قانون میں ترمیم نہیں لائی جاتی ہم کچھ نہیں کرسکتے، سپریم کورٹ میں اس معاملہ پر سماعت ہوچکی ہے۔ 6؍مارچ کو اس معاملہ میں عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کاردعمل بھی طلب کیاتھا۔ ٹوٹالائزرایک ایسا آلہ ہے جو14پولنگ بوتھوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی ایک ساتھ گنتی کرسکتا ہے۔ کرناٹک کے انتخابات سے متعلق شکایات پر جواب دیتے ہوئے راوت نے کہا کہ انتخابات دھاندلیوں سے پاک آزاداور منصفانہ کروانے کے لئے الیکشن کمیشن کی سب سے اہم ترجیح ہے۔ ایک دوسرے سوال پر جواب دیتے ہوئے راوت نے کہا کہ عوام ووٹر فہرستوں میں غلطیوں اور خامیوں پر نظرثانی کے لئے یہ غلطیاں اور خامیاں کمیشن کے علم میں لاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ووٹرفہرستوں کی تجدید کاری جاری ہے، اگر اس میں کوئی غلطی ہے تو لوگ اس کو الیکشن کمیشن کے علم میں لاسکتے ہیں۔ انہیں درست کیاجائے گایا اس پر نظرثانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ20فروری کو الیکٹرول شائع ہوا ہے۔کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ 15اپریل کو اعلان کرنے کی خبروں کو ردکرتے ہوئے راوت نے کہا کہ ایک مناسب وقت پر اس کا اعلان کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک مناسب وقت پر میڈیا کے سامنے کیاجائے گا اس کیلئے انتظار کریں۔