یوپی میں کورونا: آٹھویں جماعت تک کے اسکول 31 مارچ تک بند
12:43PM Tue 23 Mar, 2021
لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافے کے سبب آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 24 سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان تمام تعلیمی اداروں کو بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے جہاں امتحانات نہیں ہو رہے ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی جانے والی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ دیر رات لیا گیا۔
خیال رہے کہ پیر کی شام گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوپی میں 542 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 142 معاملے صرف لکھنؤ سے سامنے آئے۔ گذشتہ تین دن سے لکھنؤ میں 100 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کوویڈ 19 انفیکشن میں اضافے کی صورت میں ہولی اور دیگر تہواروں اور پنچایت انتخابات کے پیش نظر ریاست میں خصوصی نگرانی اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کو جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن کے مطابق، ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 542 نئے انفیکشن پائے گئے، جبکہ اسی عرصے میں 177 مریضوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ اب تک مجموعی طور پر 595920 متاثرہ افراد کو علاج کے بعد گھر بھیجا جا چکا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض کی موت ہو گئی، جبکہ ریاست میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 8760 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ اس وقت ریاست میں 3396 مریض زیر علاج ہیں اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 608076 تک جا پہنچی ہے۔ اتوار کے روز ریاست میں 1.35 لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی گئی جبکہ اب تک 3.37 کروڑ سے زائد نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نےتہواروں، پنچایت انتخابات اور ملک کی مختلف ریاستوں میں کوویڈ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر اتر پردیش میں خاص نگرانی اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کے نظام کو مستحکم کر کے انفیکشن کی روک تھام کے لئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔