کرناٹک میں 31 جنوری سے نائٹ کرفیو ختم: بینگلورو میں اسکولوں کو کھولنے کی ملی اجازت
03:27PM Sat 29 Jan, 2022
بینگلورو: 29 جنوری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کے معاملات میں ہورہی کمی کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 31 جنوری سے کویڈ کی پابندیوں میں نرمی کی جائے گی جس کے تحت ریاست میں نافذ نائٹ کرفیو کو بھی ہٹایا جائے گا۔
اس کی اطلاع وزیر برائے محصولات آر اشوک نے اخباری نمائندوں کو دی وہ آج صبح وزیر اعلیٰ کی ماہرین کے ساتھ منعقد میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں کو اس کی خبر دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پب، بار اور ہوٹلوں وغیرہ کے لیے جو پچاس فیصد کی شرط لگائی گئی تھی وہ بھی 31 جنوری کے بعد سے ہٹ جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے پرائمری و سکینڈری تعلیمات مسٹر بی سی ناگیش نے کہا کہ کویڈ کی تیسری لہر کی وجہ سے بینگلورو میں جو پہلی سے نویں تک کے کلاسس بند کیے گئے تھے وہ بھی پیر کے روز سے کھول دیے جائیں گے۔
آر اشوک نے بتایا کہ سینما تھیٹروں اور ملٹی پلیکس کامپلیکس میں 50 فیصد لوگوں کو داخل ہونے کا موجود ہ اصول جاری رہے گا ، اسی طرح سوئمنگ پول، جم، اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیڈیم کے لیے بھی 50 فیصد کا اصول برقرار رہے گا۔ جبکہ شادیوں کے لیے کھلی جگہ میں لوگوں کے شریک ہونے کی تعداد 200 سے بڑھا کر 300 کی گئی ہے اور بند جگہ میں 100 سے بڑھا کر 200 کی گئی ہے۔ تاہم مذہبی مقامات پر 50 لوگوں کا اصول جاری ہے ۔