مسلم فورم کا قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ 30 مئی کو

02:38PM Tue 24 May, 2016

کونسل کو ختم کرنے کی سازش کررہے ہیں پروفیسر ارتضیٰ کریم: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ 24-5-2016: فورم فار مسلم اسٹڈیز انیڈ انالیسس (ایف۔ایم۔ایس۔اے) علی گڑھ، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر سید علی کریم عرف پروفیسر ارتضیٰ کریم کی بدعنوانیوں اور متعدد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر 30 مئی کو احتجاجی مظاہر ہ کرے گا۔ اس مظاہرہ کی وجوہ بیان کرتے ہوئے فورم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ این سی پی یو ایل کی تشکیل حکومت ہند نے ملک میں اردو زبان، اردو مصنفین اور شعراء کی تخلیقات کو منظر عام پر لانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرانے کے مقصد سے محکمہ انسانی وسائل اور ترقیات کے زیرنگرانی کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جب سے پروفیسر ارتضیٰ کریم اس کے ڈائریکٹر بنائے گئے ہیں۔ این سی پی یو ایل اردو کی دوکان بن کر رہ گئی ہے۔ حال یہ ہے کہ کونسل میں حقداروں کو ان کا حق نہیں مل رہا اور ناایل ملائی کھانے میں لگے ہیں اور کام کی بنیاد پر مصنفین اور شعراء کو امداد نہیں مل رہی ہے۔کونسل کی طرف سے دی جانے والی امداد ڈائریکٹر ارتضیٰ کریم کی خوشنودی پر منحصر ہو کر رہ گئی ہے۔ اس سے کونسل کی ساخ پر بدنما داغ تو لگا ہی ہے ساتھ ہی کونسل اپنے مقصد سے بھی بٹھک گئی معلوم ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ پروفیسر ارتضیٰ کریم نے اردو مضنفین کے لیے حلف نامہ جمع کرنے کی لازمی شرط لگاکر اردو والوں کے درمیان مرکزی حکومت، وزیر اعظم اور محکمہ انسانی وسائل کی شبیہ کو مسخ کرنے کا کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اردو والوں سے رشتے بہتر بنانا چاہتی ہے لیکن ارتضیٰ کریم حکومت کی شبیہ کو داغدار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ انھیں وجوہ کی بنا پر مسلم فورم نے 30مئی 2016 کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر صبح 10:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک ایک دن کے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فورم کا مطالبہ ہے کہ این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر کی مدت کار پر ایک اعلیٰ سطحی جانچ کمیٹی تشکیل دی جائے اور جانچ کے دوران پروفیسر ارتضیٰ کریم کو چھٹی پر بھیجا جائے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے سبھی اردو والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 30 مئی 2016 کو منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کرکے اردو کی فلاح وبقا میں تعاون کریں۔ انھوں نے بتایا کہ مظاہرہ میں اہم ادبی شخصیات اور عام اردو سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ این سی پی یو ایل کے نائب چیرمین پدم شری مظفر حسین بھی شرکت کریں گے۔