ریاست میں آج کورونا کے 308 نئے معاملات: اتر کینرا میں 5 افراد کورونا پوزیٹیو
03:17PM Sat 13 Jun, 2020
بھٹکل: 13 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جاری شام پانج بجے کی ہیلتھ بلٹین کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کے 308 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ریاست کرناٹک میں اس مرض سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد 6824 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 81 افراد اس مرض کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اسی طرح اب تک 3648 افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
بلٹین کے مطابق ریاست میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے تین اموات بھی ہوئی ہیں جس میں سے دو کا تعلق بینگلور اربن سے ہے اور ایک کا تعلق دھارواڑ سے ہے۔
آج سب سے زیادہ کورونا کے معاملات کلبرگی میں سامنے آئے ہیں جہاں آج 67 کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
اتر کینرا کی بات کی جائے تو یہاں ہیلتھ بلٹین کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے پانچ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع میں مزید چار افراد بھی کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں جن کی رپورٹ کل کی بلٹین میں آنے کی امید ہے۔
اتر کینرا میں آج جو افراد کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں وہ مہاراشٹرا اور تمل ناڈو سے لوٹنے والے لوگ ہیں۔ جن کا تعلق ہلیال، جوئیڈا، سرسی، کمٹہ اور کاروار سے بتایا گیا ہے۔ ان سبھوں کو کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈٰکل سائنس میں بھرتی کیا گیا ہے۔
بلٹین کے مطابق ان نئے معاملات کے ساتھ ہی ضلع اتر کینرا میں کل مریضوں کی تعداد 108 کو پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 85 افراد اس مرض سے صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔