لوک سبھا میں پھر پاس ہوا تین طلاق بل ، حق میں پڑے 303 ووٹ ، مخالفت میں صرف 82 ووٹ

03:36PM Thu 25 Jul, 2019

لوک سبھا کے مانسون سیشن میں جمعرات کو تین طلاق سے متعلق بل پیش کیا گیا ۔ بل پر دن بھر بحث ہوئی اور پھر شام کو یہ بل لوک سبھا میں پاس ہوگیا ۔ اس بل کے حق میں 303 جبکہ مخالفت میں صرف 82 ووٹ پڑے ۔ کانگریس ، ڈی ایم کے ، این سی پی ، ٹی ڈی پی اور جے ڈیو یو نے اس بل کی جم کر مخالفت کی ۔ قابل ذکر ہے کہ یہ بل گزشتہ لوک سبھا اجلاس میں بھی پاس ہوگیا تھا ، لیکن راجیہ سبھا نے اس بل کو واپس کردیا تھا ۔ 16 ویں لوک سبھا کی مدت کار ختم ہونے کے بعد مودی حکومت کچھ تبدیلیوں کے ساتھ اس بل کو دوبارہ لے کر آئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پارلیمانی امور کے وزیر نے سیشن کو 7 اگست تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا ، جس کو لوک سبھا اسپیکر کی اجازت سے سات اگست تک کیلئے بڑھا دیا گیا ہے ۔
 لوک سبھا سیشن کی مدت میں توسیع کیلئے حکومت کی دلیل تھی کہ 17 بل زیر التوا ہیں اور کافی تعداد میں سرکاری کام کاج باقی ہیں ۔ ایسے میں پارلیمنٹ سیشن کی مدت میں توسیع کی ضرورت ہے ۔