سری لنکا دھماکہ: مہلوکین کی تعداد 300 پہنچی، جے ڈی ایس کے 4 کارکنان بھی ہلاک

12:37PM Mon 22 Apr, 2019

اتوار کو ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے چرچ اور فائیو اسٹار ہوٹلوں میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں اب تک تقریباً 300 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ مہلوکین میں 4 جے ڈی ایس کارکن بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جے ڈی ایس کے دیگر تین کارکنان لاپتہ ہیں۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی کماراسوامی نے اس بات کی جانکاری اپنے ٹوئٹر پر دی۔ قابل غور ہے کہ ان دھماکوں میں 500 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ کماراسوامی نے اپنے ٹوئٹ پر پارٹی کارکنان کے تعلق سے لکھا ہے کہ ’’کولمبو حملے میں مارے گئے اپنے لوگوں کے بارے میں سن کر مجھے بے حد افسوس ہوا ہے۔ ہمارے 7 کارکنان میں سے 4 کی موت ہو چکی ہے جب کہ 3 دیگر لاپتہ ہیں۔ مرنے والوں کے نام کے ایم لکشمی نارائن، لکشمن گوڑا رمیش، ایم رنگپّا اور کے جی ہنومنتھایارپّا ہیں۔‘‘
 تین لا پتہ جے ڈی ایس کارکنان کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کماراسوامی نے کہا کہ ’’ہمارے جو دیگر تین کارکنان لاپتہ ہیں ان میں ایچ شیو کمار، اے مریگوڑا اور ایچ پتّراجو شامل ہیں۔ سکریٹریٹ کے لوگ متاثرین کے بارے میں جانکاری دینے کے لیے لگاتار نئی دہلی کے کرناٹک بھون میں ریزیڈنٹ کمشنر اور متاثرین کے اہل خانہ کے رابطہ میں بنے ہوئے ہیں۔‘‘
 بہر حال، پیر کے روز سری لنکا کی جانب سے یہ جانکاری موصول ہوئی ہے کہ اب تک 24 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس درمیان زخمی ہوئے سبھی لوگوں کو مختلف اسپتالوں اور میڈیکل فیسیلٹیز میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حملہ کے تعلق سے پولس نے ایک گاڑی ضبط کی ہے اور اس کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس پر اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے مشتبہ افراد کو کولمبو پہنچایا تھا۔ پولس نے حملہ آوروں کے ذریعہ استعمال کیے گئے ایک گھر پر بھی چھاپہ ماری کی ہے۔