بھٹکل میں 30 جولائی کو منعقد ہورہاہے رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا پروگرام: مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری ہونگے مہمان خصوصی
05:12PM Sun 23 Jul, 2023

بھٹکل: 23 جولائی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو)‘‘بھٹکل رابطہ سوسائٹی کی طرف سے ان شاء اللہ 30 جولائی کو رابطہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام منعقد ہونے جارہا ہے جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحمٰن مجددی صاحب بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے’’۔ اس بات کی اطلاع رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمٰن منیری صاحب نے دی۔ وہ آج یہاں رابطہ کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے اس اجلاس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں رکن اسمبلی و وزیر مسٹر منکال وئیدیا بھی شریک ہونگے اور دیگر معزز علماء اور دانشوران بھی اسٹیج کی زینت بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم (وائی ایم ایس اے میدان) میں دو نشستوں میں منعقد ہوگا جس کی پہلی نشست صبح 10:00 بجے شروع ہوکر 12:30 بجے اختتام کو پہنچے گی جبکہ دوسری نشست عصر بعد سے سات بجے تک چلے گی۔
عتیق صاحب کا کہنا تھا کہ اس بار طلبہ، اسکول اور اساتذہ کو دینے والے جملہ 32ایوارڈس ہیں جبکہ اس کے علاوہ بھٹکل کی تین اہم شخصیات کو بھی رابطہ کی طرف سے اعزاز دیا جائے اور ان کی تہنیت کی جائے گی ۔ ان میں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے نائب مہتمم مولانا عبدالعزیز خلیفہ ندوی، رابطہ کلینک میں ایک مدت سے ڈاکٹری کی خدمات انجام دینے والی ڈاکٹر نازنین اور بھٹکل میں ایک بڑے عرصے تک معلمہ کے فرائض انجام دینے والی محترمہ رابعہ صاحبہ شامل ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ رابطہ ایوارڈ س کے لیے بھٹکل و بیرون بھٹکل اور خلیج وغیرہ میں موجود ممتاز طلبہ کے ناموں کو درج کرنے کی آخری تاریخ بڑھا کر 25 جولائی کی گئی ہے اس لیے جن ممتاز طلبہ کے نام ابھی تک درج نہیں کیے گئے ہیں وہ دی گئی تاریخ تک درج کرسکتے ہیں۔
موصوف عتیق الرحمٰن منیری نے آخر میں رابطہ کے تمام پروگراموں میں عوام و خواص کو کثیر تعداد میں شریک ہونے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ کے صبح اور شام کے اجلاس کے بعد رات میں ایک عظیم الشان مشاعرہ ہوگا جس میں شعراء نوائطی میں اپنا کلام سنائیں گے۔
اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب فاروق مصباح صاحب نے بھی اجلاس کے تعلق سے مختصر معلومات دیں اور رابطہ ایوارڈ کے کنوینر جناب یاسر قاسمجی صاحب نے ایوارڈس کے متعلق مختصر جانکاری دی۔
[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=yHj01P-MOwk[/embedyt]