دیار مخدوم صابر کلیر میں 30؍جنوری کو قومی یکجہتی کانفرنس

02:45PM Thu 19 Jan, 2017

تمام روحانی و سماجی رہنما سیکولرازم کے فروغ و استحکام کے لئے چادر امن و ترقی پیش کریں گے۔ نئی دہلی ۔(بھٹکلیس نیوز) رشیوں منیوں اور صوفی سنتوں کی تاریخی سر زمین اتراکھنڈ جو عظیم ہندوستان کے نقشے میں فرقہ وارانہ اتحاد، مذہبی روادری، آپسی بھائی چارہ اور سماجی برابری کی عظیم تاریخ اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے اس کے تاریخی روحانی شہر کلیر شریف میں عالمی شہرت یافتہ صوفی حضرت مخدوم علاء الدین علی احمد صابر کلیری کے آستانہ اقدس کے احاطے میں واقع صابری مہمان خانہ میں 30؍جنوری 2017 ء بروز پیر صبح 10؍بجے ایک عظیم الشان قومی یک جہتی کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے۔ یہ روحانی کانفرنس غریب نواز ایجوکیشنل اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل کے زیر اہتمام بلائی گئی ہے۔ جس کی صدارت درگاہ خواجہ غریب نواز اجمیر شریف کے گدی نشین الحاج سید غلام رسول چشتی کریں گے۔ کونسل کے جنرل سکریٹری قاری محمد میاں مظہری سابق چیئرمین قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ ایک صحافتی بیان میں آج کہا گیا ہے کہ قومی یک جہتی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس کا صدر امیر شریعت اتراکھنڈ حضرت مولانا زاہد رضا رضوی کو منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ کانفرنس کا کنوینر اردو کے عالمی شہرت یافتہ شاعر جناب افضل منگلوری کو بنایا گیا ہے۔ کانفرنس کو اتراکھنڈ کے مختلف مذاہب اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جن سماجی رہنماؤں، تعلیمی دانشوروں اور روحاجی و سماجی شخصیات نے شرکت کی منظوری دی ہے ان میں خطیب اہل بیت حضرت مولانا سید کلبِ رشید رضوی، مفتی شمیم احمد صابری، مولانا سید اطہر دہلوی، مولانا اخلدقاسمی، مولانا عرفان الحق قادری، مولانا غلام نبی قادری سربراہ جامعہ قادریہ صابریہ کلیر شریف ، سید واثق وارثی سجادہ نشین درگاہ وارث پاک، دیوہ شریف، جناب پنڈت رمیش سیموال صدر اتراکھنڈ جیوتش پیٹھ، جناب سردار ملوک سنگھ کالرا، فاد دیال ایم لال جنرل سکریٹری اتراکھنڈ کرشچین کونسل، پیر طریقت مولانا خلیل میاں صابری، مولانا شہاب الدین رضوی بریلی شریف، مولانا ممتاز میاں صاحب درگاہ شرافتیہ ، بریلی شریف، جناب پی وی تھامس اور جناب سنجے جین کے نام قابل ذکر ہیں۔ قاری مظہری نے اپنے بیان میں بتایا کہ قومی یک جہتی کانفرنس میں اتراکھنڈ کے تمام اضلاع سے 300 سے قریب علماء ، مشائخ و سجادگان، صوفی سنت اور تمام ہی سماجی طبقات کے رہنما بلا امتیاز مذہب و مسلک شریک ہورہے ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر مخدوم صابر کے مزار پاک پر چادر امن و ترقی پیش کرکے قومی یک جہتی اور فرقہ وارانہ اتحاد کا عملی ثبوت پیش کیا جائے گا۔اس موقع پر ملک میں امن و امان سماجی مساوات اور آپسی بھائی چارہ کے قیام و استحکام کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔ کانفرنس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے قاری مظہری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتراکھنڈ کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی باوقار شرکت کے لئے یہ ضروری ہے کہ ریاست کے تمام سماجی طبقات میں برادرانہ تعلقات اور سماجی برابری کا ماحول پروان چڑھے تاکہ فرقہ واریت کے زہر سے ریاست کے سماجی طبقات کو محفوظ رکھا جاسکے۔ انہیں بنیادی مقاصد کے فروغ کے لئے قومی یک جہتی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں اجمیر شریف کے مشائخ و سجادگان اور ہری دوار کے سنت سماج کے ذمہ دار افراد شانہ بہ شانہ مل ہوکر پیغام اتحاد دیں گے۔