دو ؍ اور 30 اپریل کو پلس پولیو مہم
03:30PM Sat 1 Apr, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز )محکمۂ صحت وخاندانی بہبود کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے آج بتایاکہ ریاست میں 2اور30اپریل کو پلس پولیو مہم چلائی جائے گی، اس دوران 74.9 لاکھ بچوں کو پولیو خوراک پلانے کا نشانہ مقرر کیاگیا ہے۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ عالمی تنظیم نے 2014میں ہندوستان کو پولیو سے پاک ملک قرار دیا ہے۔ 2016میں تین ممالک میں پولیو کے 37 معاملات درج ہوئے ہیں ، جس کے پیش نظر ریاست میں دو مرحلوں میں پلس پولیو مہم چلائی جائے گی۔ شہر بنگلور میں اس مہم کا افتتاح وزیراعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئے گا، مہم کے دوران ریاست کے تمام دیہاتوں اور شہروں سمیت بس اسٹانڈوں ، ایرپورٹس ، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ میں مراکز قائم کئے جائیں گے۔ اس مرتبہ 32617 پولیو بوتھس قائم کرتے ہوئے 51732 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جبکہ 1.03 لاکھ کارکن گھر گھر پہنچ کر پولیو خوراک پلائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ بچوں کو مفت ٹیکے لگانے کے پروگرام میں کرناٹک سر فہرست ہے، اسی طرح 7فروری اور19مارچ کو خسرہ اور روبیلا کا کامیاب کیمپ چلایا گیا۔ اس دوران کوپل ضلع میں 106 فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست میں موسم گرما کے پیش نظر تمام شہریوں کو شفاف پانی فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اسی طرح ٹینکروں کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے پانی کے معیار کی نگرانی کے بھی احکامات دئے گئے ہیں۔اگر کہیں پر آلودہ پانی فراہم کیاگیا تو ہیلپ لائن 104 پر شکایت کی جاسکتی ہے۔