جلدی کی ضرورت نہیں، پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے 30دسمبر تک کا وقت ہے: جیٹلی
03:16PM Fri 11 Nov, 2016
نئی دہلی۔(ایف او یس)
مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے معاملے میں لوگوں کو غیر ضروری جلدبازی کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔پرانے نوٹ بند کیے جانے والے دن لوگوں کی طرف سے سونا فروخت کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ جوسونا فروخت کرنے والے ہیں، ان کی بھی ذمہ داری ہے، پین کارڈ ضروری ہے۔ان سے بھی پوچھا جائے گا کہ گولڈ کس کو فروخت کیا ہے ۔جیٹلی نے جمعرات کو یہاں میڈیا بریفنگ میں کہا کہ جلدبازی کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے، لوگوں کے پاس 30؍دسمبر تک کا وقت ہے، تقریبا ڈیڑھ ماہ کی اس مدت میں وہ اپنے نوٹ بینک یا پوسٹ آفس جاکر تبدیل کر سکتے ہیں۔عوام کو کچھ دنوں کے لیے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن آگے چل کر انہیں اس کا فائدہ ہی ہوگا۔جیٹلی نے کہا کہ عوام کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ لوگ جن کے پاس بے شمار مقدار میں غیر اعلانیہ دولت ہے ، صرف انہیں ہی قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔پرانے نوٹ واپس لینے کے فیصلے پر بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی رائے پر جیٹلی نے کہا کہ جب کالا دھن پھل پھول رہا ہو ،تو سخت قدم اٹھانے کی وجہ سے عارضی پریشانیوں کا بہانہ نہیں بنایا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بینک جانے کو لے کر غیر ضروری عجلت کی بھی ضرورت نہیں ہے۔آر بی آئی نے سنیچر ، اتوار کو بھی بینک کھلے رکھنے کے لیے قدم اٹھایا ہے۔ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نئے نوٹ لوگوں کو جلد سے جلد دستیاب جائیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کے معاملات سے منسلک فیصلہ کے عمل کی معتبریت بحال کرنا ہمارے لیے شروع میں چیلنج تھا۔موجودہ عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں جو میرا تجربہ رہا وہ یہ کہ منفی عالمی حالات میں کام کرنا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔