دبئی میں سجا دنیا کا سب سے بڑا کتب میلہ، 30 لاکھ کتابیں فروخت کیلیے پیش
12:24PM Sat 20 Oct, 2018

ابو ظبی: متحدہ عرب امارات میں دنیا کا سب سے بڑا کتب میلہ جاری ہے جس میں 30 لاکھ سے زائد کتابیں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سیاحتی و تجارتی شہر دبئی دنیا کے سب سے بڑے علمی ذخیرے کی وجہ سے دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ سجایا گیا ہے جس میں انتہائی کم نرخوں پر فروخت کے لیے 30 لاکھ سے زائد کتابیں رکھی گئی ہیں۔
نمائش کے بانی انڈرو یاب کے مطابق 11 روز تک جاری رہنے والے کتب میلے میں ادب، ثقافت، تاریخ ،شاعری، نثر نگاری، ناول، سائنس، قانون، فلسفہ، طب اور شخصیات سے متعلق شائع شدہ کتب رکھی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ اس نمائش میں 3 لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے اور یہ کتاب میلہ بڑی تعداد میں کتب کی فروخت کا ذریعہ بنے گا۔
نمائش کے بانی کا مزید کہنا تھا کہ دبئی جیسے جدید اور ترقی یافتہ شہر میں ٹیبلٹ اور کمپیوٹر نسل کو مطالعے کی طرف راغب کرنے کے لیے اس طرح کے کتب میلوں کی اشد ضرورت ہے۔