تنظیم موبائل کلینک کا 3 جولائی سے دوبارہ ہورہا ہے آغاز: این آر آئیز کوویکسین کا دوسرا ڈوز دینے کے تعلق سے بہت جلد ہوگا اعلان
02:56PM Wed 30 Jun, 2021
بھٹکل: 30 جون، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کویڈ مہاماری کے دوران بھٹکل مسلم خلیج کونسل، مجلس اصلاح و تنظیم ، انڈین نوائط فورم، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور ویلفئیر اسپتال کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کی گئی موبائل کلینک اپنی بہترین خدمات انجام دینے کے بعد کویڈ کے معاملات میں کمی آنے کی وجہ سے عارضی طور پر بند کردی گئی تھی جس کے ذریعے دو ہزار سے زائد افراد کا علاج کیا گیا تھا اور ساحلی پٹی کےدو روزہ دورے پر ساڑھے تین سو سے زائد افراد کا علاج کیا گیا تھا۔
لیکن عوام کی مانگ پر اب مجلس اصلاح وتنظیم کی طرف سے 3 جولائی، 2021 بروز سنیچر سے اس کو دوبارہ شروع کیا جارہا ہے اس کی اطلاع آج عصر بعد مجلس اصلا ح و تنظیم میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کو آرڈنیٹر ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے دی ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ موبائل کلینک بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران کی نگرانی میں کام کرے گی جس کے ذریعے علاقوں میں گھوم کر تمام عام بیماریوں کا علاج معالجہ کیا جائے گا ۔
اس موقع پر ڈاکٹر حنیف شباب صاحب نے یہ بھی کہا کہ این آر آئیز میں جن کو پہلا ڈوز دیا جاچکا ہے انہیں دوسرا ڈوز دیے جانے کے تعلق سے جلد اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل ، آئی این ایف اور دیگر تمام اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔