ان لَاک 3 میں کھل سکتے ہیں سنیما ہال، لیکن میٹرو اور اسکول ابھی بند رہیں گے
12:15PM Mon 27 Jul, 2020
سرکاری سطح پر ان لاک 3 کے تعلق سے تبادلہ خیال ہو رہا ہے اور امکان ہیں کہ یکم اگست سے لاگو ہونے والے اس ان لاک 3 کے لئے رہنما ہدایات جلد جاری ہو جائیں گی۔ ایک ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کو مشورے دے دیئے گئے ہیں کہ کتنی اور کن چیزوں میں رعایت دی جا سکتی ہے۔
شائع خبروں کے مطابق سنیما ہال کھولنے کا مشورہ دیا گیا ہے جس میں 25 فی صد ناظرین کو ہی اجازت ہوگی، جبکہ سنیما ہال مالکان کا کہنا ہے کہ 25 فیصد ناظرین کی اجازت کے ساتھ سنیما ہال کو نہ کھولنا ہی بہتر ہے۔ سنیما ہال مالکان کا مطالبہ ہے کہ کم از کم 50 فی صد ناظرین کے ساتھ سنیما ہال کھولنے کی اجازت دی جائے، تاکہ سنیما ہال بغیر مزید بوجھ کے شروع بھی ہوجائیں اور سماجی دوری و دیگر ضوابط پر بھی عمل کیا جاسکے۔ واضح رہے اگر سنیما ہال کو کھولنے کی اجازت دی گئی تو وقفہ یعنی انٹرویل کی مدت بڑاھئی جائے گی تاکہ وقفہ کے دوران ہال کو سینیٹائز کیا جا سکے اور لوگوں کو کچھ کھانے پینے کی اشیا کے لئے کاؤنٹر پر بھیڑ نہ لگانی پڑے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے اوپر جم کھولنے کا بہت دباؤ ہے اور حکومت اس تعلق سے مثبت ہے لیکن اس کے لئے بھی رہنما ہدایات جاری کی جائیں گی جس میں فکسڈبیچز میں جم کے اندر آنا اور جم کو سینیٹائز کرانا شامل ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت ابھی اسکول اور میٹرو کھولنے کے حق میں نہیں ہے کیونکہ کورونا کے نئے معاملوں میں مستقل اضافہ جاری ہے۔