اگنی پتھ اسکیم کے خلاف 3 عرضیاں دائر، مرکز نے سپریم کورٹ سے کی یہ درخواست

10:39AM Tue 21 Jun, 2022

نئی دہلی: اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج لگاتار جاری ہے۔ سڑکوں پر ہو رہے پرتشدد مظاہروں کے درمیان اب یہ معاملہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف اب تک سپریم کورٹ میں تین عرضیاں داخل کی جا چکی ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس پر کیویٹ بھی داخل کر دی ہے۔ خیال رہے کہ فوج میں بھرتی کی اس نئی اسکیم کی مخالفت نوجوان اور کئی سیاسی تنظیمیں کر رہی ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ اس اسکیم کو واپس لیا جائے۔ اگنی پتھ اسکیم کو چیلنج کرنے والی تیسری عرضی سپریم کورٹ میں داخل کئے جانے کے بعد مرکزی حکومت نے کیویٹ پٹیشن داخل کی ہے۔ تینوں عرضیاں وکلا کی جانب سے دائر کی ہیں۔ وشال تیواری، ایم ایل شرما اور اب ہرش اجے سنگھ نے یہ عرضیاں دائر کی ہیں۔ مرکزی حکومت نے ایک کیویٹ داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے عدالت کو مرکز کا موقف بھی سننا چاہیے۔ خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے فوج میں بھرتی کے لیے ایک نئی اسکیم نافذ کی ہے۔ اسے اگنی پتھ اسکیم کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں فوج کو چار سال کے لیے بھرتی کیا جائے گا جس میں پہلے چھ ماہ ٹریننگ کے ہوں گے۔ ہر بیچ کے 25 فیصد اگنی ویروں کو ہندوستانی فوج میں مستقل طور پر (15 سال مزید) شامل کیا جائے گا۔ جبکہ باقی اگنی ویر ریٹائر ہو جائیں گے۔ ریٹائرمنٹ پر انہیں تقریباً 12 لاکھ روپے کی رقم بھی ملے گی۔ اگنی پتھ اسکیم کے تحت ساڑھے 17 سال سے 21 سال کی عمر کے لوگوں کو داخلہ دیا جا سکتا ہے۔ پہلے سال حکومت نے دو سال کی چھوٹ بھی دی ہے۔ یعنی اس بار 23 سال تک کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں۔ سال بہ سال اگنی ویر کی تنخواہ بڑھے گی، یہ 30 ہزار سے شروع ہو کر 40 ہزار تک جائے گی لیکن اگنی سیروں کو پنشن، گریجویٹی وغیرہ کا فائدہ نہیں ملے گا۔