ستیہ نکیتن میں اچانک گری 3 منزلہ عمارت، 5 مزدوروں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ
11:04AM Mon 25 Apr, 2022

نئی دہلی : راجدھانی دہلی میں ایک تین منزلہ عمارت کے گرنے کی خبر ہے۔ دہلی کے ستیہ نکیتن کے قریب ایک عمارت اس وقت گر گئی جب تزئین کاری کا کام چل رہا تھا۔ یہ عمارت تین منزلہ بتائی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت یہ عمارت گری اس وقت پانچ مزدور موقع پر کام کر رہے تھے۔ ایسے میں ان سب کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے ۔
فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ جو عمارت گر گئی ہے ، وہ تین منزلہ ہے اور اس کی تزئین کاری کا کام جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دہلی فائر سروس نے بتایا کہ فائر ٹینڈرز کی 6 گاڑیاں بھی جائے واقعہ پر موجود ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع انہیں دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب ملی، جس میں بتایا گیا کہ ملبے کے نیچے پانچ مزدور پھنس گئے ہیں ۔
خبر رساں ایجنسی نے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ حادثہ کتنا خوفناک ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس گھر کی مرمت کا کام جاری تھا، اس وقت تین مزدور کام پر لگے تھے تبھی دیکھتے ہی دیکھتے یہ تین منزلہ عمارت ملبے میں تبدیل ہوگئی۔
اس واقعہ کے بعد چیخ و پکار مچ گئی ۔ فوری طور پر فائر ڈیپارٹمنٹ کو فون کیا گیا اور ابھی ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔