چندریان ۔ 3 کی یاد میں اب 23 اگست کو ہوگا 'نیشنل اسپیس ڈے'، وزیر اعظم مودی نے کیا بڑا اعلان
02:34PM Sat 26 Aug, 2023

بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی صبح یونان سے سیدھے بنگلورو میں اسرو کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پہنچے۔ یہاں انہوں چاند کے جنوبی قطب کے علاقے میں چندریان 3 کی کامیاب سافٹ لینڈنگ کرانے والے سائنسدانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے اسرو کے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک بڑا اعلان کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ جس دن چندریان-3 چاند پر اترا تھا، یعنی 23 اگست کی تاریخ ، اب اس دن کو ہر سال نیشنل اسپیس ڈے یعنی قومی خلائی دن کے طور پر منایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی خلائی دن تیسرے قمری مشن کی کامیابی کے جشن کی علامت ہوگا۔
بنگلورو میں اسرو کے ٹیلی میٹری ٹریکنگ اور کمانڈ نیٹ ورک مشن کنٹرول کمپلیکس میں سائنسدانوں سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالانکہ میں جنوبی افریقہ اور یونان کے دورے پر تھا، لیکن میرا ذہن ہندوستان میں ہی تھا، کیونکہ اسرو چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ میں چندریان-3 کی کامیابی کے پیچھے جن لوگوں کا ہاتھ ہے، ان سے جلد از جلد ملاقات کرنا اور انہیں سلام پیش کرنا چاہتا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 23 اگست کو چندریان 3 کی لینڈنگ کا ایک ایک سیکنڈ آج بھی میری آنکھوں کے سامنے سے ویسے ہی گزر رہا ہے۔ یہ نیا ہندوستان ہے، جو تکنیکی اور نئے انداز میں سوچتا ہے۔ یہ وہ ہندوستان ہے جو تاریک علاقوں میں بھی جاتا ہے اور روشنی پھیلا کر دنیا کو روشن کرتا ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ چندریان 3 کی کامیابی پر پوری دنیا میں ہندوستان کی سائنسی حصولیابی کی زبردست بحث ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے چاند پر چندریان -3 کے لینڈر وکرم کے ٹچ ڈاؤن پوائنٹ کو 'شیو شکتی' کا نام دیتے ہوئے پورے چاند مشن میں خواتین سائنسدانوں کے کردار کی جم کر تعریف کی۔
چندریان 3 نے جس مقام پر لینڈنگ کی اسے اب ’شیو شکتی پوائنٹ‘ کے نام سے جانا جائے گا، اسرو میں وزیر اعظم مودی کا اعلان
وزیر اعظم مود چندریان 3 کی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جہان چندریان 3 اترا تھا، وہ مقام اب شیو شکتی کے نام سے جانا جائے گا