وشاکھاپٹنم میں 3 کلو میٹر تک پھیلی زہریلی گیس، 11 افراد ہلاک، 5000 سے زائد بیمار
04:35PM Thu 7 May, 2020

آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایک فارما کمپنی سے زہریلی گیس لیک ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زہریلی گیس لیک کے اس واقعہ کی وجہ سے ایک بچے سمیت 11 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل پر شائع ایک خبر کے مطابق 5000 سے زائد افراد بیمار بتائے جا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق وشاکھاپٹنم کے آر آر وینکٹ پورم گاؤں میں ایل جی پالیمر کمپنی سے زہریلی گیس لیک ہو گئی جو آس پاس کے تقریباً 5 گاؤں میں پھیل گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس حادثہ کے تعلق سے اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ گیس آج صبح تقریباً 3.30 بجے لیک ہوئی۔ علاقے میں بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب پلانٹ بند تھا اور گیس رساؤ کے اسباب کا پتہ کیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ نے بھوپال کے یونین کاربائڈ گیس لیک معاملہ کی خوفناک یاد تازہ کر دی ہے۔