راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا بڑا الزام- حکومت گرانے کے لئے کانگریس اراکین اسمبلی کو 15 کروڑ روپئے آفر کر رہی ہے بی جے پی

01:57PM Sat 11 Jul, 2020

جے پور: راجستھان (Rajasthan) میں سیاسی رسہ کشی کے درمیان وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بی جے پی پر بڑا الزام لگایا ہے۔ اشوک گہلوت نے ہفتہ کو بی جے پی پر کانگریس حکومت (Congress Govt) کو گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعت بی جے پی کانگریس کے اراکین اسمبلی کو 15 کروڑ روپئے تک کا آفر کر رہی ہے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ کووڈ بحران (Coronavirus Pandemic) کے دوران جہاں حکومت لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے۔ وہیں بی جے پی ریاست کی منتخب حکومت اور لوگوں کے لئے پریشانی کھڑی کر رہی ہے۔ بی جے پی مسلسل ہماری حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اشوک گہلوت نے کہی یہ بات اشوک گہلوت نے کہا کہ کرناٹک اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے خریدوفروخت کے ذریعہ ہی ہماری حکومت گرائی ہیں۔ انہوں نےکہا، اسی ضمن میں بی جے پی نے ہمارے کچھ اراکین اسمبلی کو 15 کروڑ روپئے اور دیگر طرح کی لالچ دی ہے اور ایسا مسلسل ہو رہا ہے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی نے راجیہ سبھا الیکشن کے لئے گجرات میں بھی اراکین اسمبلی کی خرید وفروخت کی تھی اور اب ایسا ہی وہ کچھ راجستھان میں کر رہے ہیں۔ وہیں اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کے معاملے میں راجستھان پولیس کی ایس اوجی تین اراکین اسمبلی خوش ویر سنگھ جوجاور، سریش ٹاک اور اوم پرکاش ہڈلا کے کردار کی جانچ کرے گی۔ تینوں ہی اراکین اسمبلی ہیں۔ راجیہ سبھا الیکشن میں تینوں اراکین اسمبلی نے کانگریس کی حمایت کی تھی۔ واضح رہے کہ راجستھان میں کانگریس کے پاس 200 سیٹوں میں سے 107 سیٹیں ہیں۔ وہیں کانگریس کو 12 اراکین اسمبلی کی بھی حمایت حاصل ہے۔ کانگریس کے دو درجن اراکین اسمبلی نے لگایا الزام اس سے قبل، کانگریس کے دو درجن اراکین اسمبلی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی (BJP) ریاست کی اشوک گہلوت (Ashok Gehlot) حکومت کو گرانے کی سازش کر رہی ہے۔ کانگریس کے ان اراکین اسمبلی نے جمعہ کی دیر شب جاری مشترکہ بیان میں یہ الزام لگایا ہے۔ یہ بیان اسمبلی میں چیف وہپ ڈاکٹر مہیش جوشی اور ڈپٹی چیف وہپ مہندر چودھری کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔