ہندوستان کا افغانستان ہے تلنگانہ اور وزیر اعلی کے سی آر اس کے طالبان، شرمیلا کے اس بیان پر مچا ہنگامہ

03:30PM Sun 19 Feb, 2023

محبوب آباد : تلنگانہ ہندوستان کا افغانستان ہے اور وزیر اعلی کے سی آر اس کے طالبان ہیں۔ یہ کہنا ہے ریاست کی اپوزیشن پارٹی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) کی سربراہ وائی ایس شرمیلا کا… محبوب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ 'وہ (تلنگانہ کے وزیراعلی کے سی آر) ایک تانا شاہ ہے، وہ ایک ظالم ہیں، تلنگانہ میں کوئی ہندوستانی آئین نہیں ہے۔ صرف کے سی آر کا آئین ہے۔ تلنگانہ ہندوستان کا افغانستان ہے اور کے سی آر اس کے طالبان ہیں'۔ بتا دیں کہ تلنگانہ پولیس نے وائی ایس شرمیلا کو محبوب آباد کے ایم ایل اے اور بی آر ایس لیڈر شنکر نائک کے خلاف مبینہ طور پر نامناسب تبصرہ کرنے کے الزام میں اتوار کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اس دوران محبوب آباد شہر میں لا اینڈ آرڈر کی کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے پولیس انہیں حیدرآباد لے گئی ۔ پولیس نے ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 504 (جان بوجھ کر امن میں خلل ڈالنے کے ارادے سے توہین کرنا) اور ایس سی / ایس ٹی پی او اے ایکٹ کی دفعہ 3 (1) آر کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔ دراصل وائی ایس شرمیلا نے ہفتہ کو ایک عوامی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے محبوب آباد کے ممبر اسمبلی پر مبینہ طور پر اپنے وعدے پورے نہیں کرنے کو لے کر نشانہ سادھتے کہا تھا کہ 'آپ نے لوگوں سے کئی وعدے کئے ، جنہیں آپ نے پورا نہیں کیا ۔ اگر آپ اپنے وعدے پورے نہیں کررہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ 'کوجا' (نامرد) ہیں' ۔